کینیڈا میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک، پولیس کے ہاتھوں حملہ آور بھی مارا گیا

ٹورنٹو،دسمبر ۔ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے نواحی علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں 5افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پولیس کے ہاتھوں حملہ آور بھی مارا گیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ٹورنٹو کے نواحی علاقے وان کی ایک رہائشی عمارت میں فائر نگ سے 5افراد ہلاک ہوگئے۔پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اتوار کی شام مقامی وقت کے مطابق7 بج کر 20 منٹ پر انہیں ایک شخص کی جانب سے فائرنگ کی اطلاع ملی۔ پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو ان کا سامنا ایک مسلح شخص سے ہوا۔کینیڈین پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔یارک پولیس کے سربراہ جیمز مک سوین نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے میں 6افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں سے ایک حملہ آور تھا جبکہ 5کو اسی حملہ آور نے ہلاک کیا۔ واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔پولیس کانسٹیبل لورا نکول نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ لاشیں الگ الگ گھروں سے ملی ہیں ، اس لئے تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ان لوگوں کو چن چن کر کیوں قتل کیا گیا۔

Related Articles