کیجریوال نے کیا ’ریڈ لائٹ آن ، گاڑی آف‘ مہم کا اعلان

نئی دہلی ، اکتوبر ۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کو دہلی میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے ’ریڈ لائٹ آن ،گاڑی آف‘ کمپئن کا اعلان کیا۔مسٹر کیجریوال نے کہا کہ ہم 18 اکتوبر سے ’ریڈ لائٹ آن ، گاڑی آف‘ کمپئن شروع کرنے جا رہے ہیں ، لیکن آپ آج سے ہی ریڈ لائٹ پر گاڑی بند کردیں۔ ہر دہلی والے ریڈ لائٹ آن گاڑی آف کر کے ، ہفتے میں کم از کم ایک یا اس سے زیادہ دن اپنی گاڑی کا استعمال نہ کرکے اور گرین دہلی ایپ پر آلودگی پھیلانے والوں کی شکایت کرکے فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ اگر گاڑی کو ریڈ لائٹ پر بند کر دیا جائے تو ایک سال میں 250 کروڑ روپے کی بچت ہو سکتی ہے اور آلودگی کو بھی 13-20 فیصد کم کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پڑوسی ریاستوں نے اپنے کسانوں کی مدد نہیں کی ہے ، اس لیے کسان نہ چاہتے ہوئے بھی پرالی جلانے پر مجبور ہیں اور اسی وجہ سے دہلی میں آلودگی بڑھنے لگی ہے۔ سبھی سے اپیل ہے کہ دہلی کے باہر سے آنے والی پرالی کی آلودگی سے نمٹنے کے لیے دلی والوں کو اپنے حصے کی آلودگی کم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا ’’میں گزشتہ ایک ماہ سے روزانہ دہلی کی فضائی آلودگی کا ڈیٹا ٹویٹ کر رہا ہوں۔ آپ کو دکھانے کے لیے کہ دہلی میں روزانہ کتنی آلودگی ہے۔ پچھلے ایک مہینے میں ہم نے دیکھا ہے کہ دہلی کی اپنی آلودگی بشمول صنعت اور گاڑیوں کی آلودگی ایک محفوظ دائرے میں ہے۔ پچھلے ایک مہینے سے میں آپ کو دکھانے کے لیے یہ ٹویٹ کر رہا تھا۔ دہلی کی فضائی آلودگی سال بھر محفوظ حد میں رہتی ہے ، لیکن اس وقت (سردیوں میں) آلودگی بڑھ جاتی ہے۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ گزشتہ تین چار دنوں سے فضائی آلودگی بڑھنے لگی ہے کیونکہ آس پاس کی ریاستوں کے اندر وہاں کی حکومتوں نے اپنے کسانوں کی مدد نہیں کی۔ کسان نہ چاہتے ہوئے بھی اپنی پرالی جلانے پر مجبور ہیں۔ پرالی جلانے کا کام شروع ہو چکا ہے۔ ناسا کے سیٹلائٹ سے آنے والی تصاویر دکھا رہی ہیں کہ اب پرالی جلانے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ اسی وجہ سے دہلی میں آلودگی دوبارہ بڑھنے لگی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت کے قیام کے بعد سے دو کروڑ دہلی کے لوگوں کے ساتھ مل کر 25 فیصد تک فضائی آلودگی کو کم کیا ہے۔ دہلی کے لوگوں نے بہت محنت کی ہے۔ دہلی کے لوگوں نے بہت تعاون کیا ہے ۔دلی کے لوگوں نے مل کر دہلی کی فضائی آلودگی میں 25 فیصد تک کمی کی ہے۔ پی ایم 10 اور پی ایم 2.5 دونوں میں 25 فیصد سے زیادہ کی کمی آئی ہے لیکن ابھی رکنا نہیں ہے۔ اب چونکہ پرالی کی آلودگی باہر سے آنا شروع ہو گئی ہے ، تو دہلی کی آلودگی کو مزید کم کرنے کی کوشش کرنی ہوگی ، تاکہ سب کی صحت ٹھیک رہے۔مسٹر کیجریوال نے کہا کہ میں نے پچھلے ہفتے آپ کے سامنے 10 نکاتی ایکشن پلان رکھا تھا کہ دہلی حکومت اپنی سطح پر کیا کرنے جا رہی ہے؟ ہم فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے 10 وسیع اقدامات کرنے جا رہے ہیں۔

Related Articles