کیا ’کارٹون نیٹ ورک‘ واقعی بند ہو رہا ہے؟

دہلی،اکتوبر۔سوشل میڈیا پر بچوں کے معروف امریکی کیبل ٹیلی وڑن چینل ’کارٹون نیٹ ورک‘ بند ہونے کی خبر دیکھ کر آپ بھی یقیناً افسردہ ہوں گے، لیکن اْداس نہ ہوں کیونکہ ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔کارٹون نیٹ ورک کے بند ہونے کی خبریں سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش ہونے کے بعد نیٹ ورک نے اعلان کیا ہے کہ ’وہ کہیں نہیں جارہے بلکہ کارٹون نیٹ ورک کو رواں ماہ 30 سال مکمل ہوگئے ہیں۔‘حال ہی میں کارٹون نیٹ ورک نے ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ’وہ کہیں نہیں جارہے، وہ ہمیشہ آپ کے گھروں کی زینت بنتے رہیں گے‘۔اس کے علاوہ ٹوئٹ میں کارٹون نیٹ ورک نے جلد نئے کارٹون جاری کرنے کی بھی خبر سنا دی۔کارٹون نیٹ ورک کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب سوشل میڈیا پر کارٹون نیٹ ورک کے بند ہونے کی خبریں تیزی سے گردش کر رہی تھیں۔امریکی آن لائن میڈیا کمپنی ’ان سائیڈر‘ کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ خبر اس وقت گردش کرنا شروع ہوئی جب امریکی فلم اور انٹرٹینمنٹ اسٹوڈیو کمپنی ’وانر بروز‘ نے اعلان کیا کہ کارٹون نیٹ ورک اسٹوڈیو اب وارنر بروز چینل کے تحت کام کرے گا۔رپورٹ کے مطابق حال ہی میں کارٹون نیٹ ورک کی مرکزی کمپنی ’وارنر بروز ڈسکوری‘ نے کمپنی سے عملے کے 82 ارکان کو برطرف کردیا تھا۔رواں سال اپریل میں ورانر بروز نے ڈسکوری چینل کے ساتھ اشتراک کیا تھا، عملے کی برطرفی نے ’ایچ بی او‘ اور ’ایچ بی او میکس‘ پر بھی گہرا اثر مرتب کیا جس کی وجہ سے ملازمتوں میں کمی آنا شروع ہوگئی تھی۔امریکی میگزین ’ورائٹی‘ کی رپورٹ کے مطابق وارنر بروز ٹی وی گروپ چئیرمین چاننگ ڈنگی نے میمو میں لکھا کہ کمپنی کارٹون اینی میشن کے لیے نیا طریقہ نافذ کر رہی ہے، لیکن ہم نے کسی بھی پروگرام کی منسوخی یا بند ہونے کا اعلان نہیں کیا۔البتہ گزشتہ 2 دنوں سے سوشل میڈیا پر ’الوداع کارٹوں نیٹ ورک‘ اور ’آر آئی پی کارٹون نیٹ ورک‘ کے ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بنے رہے جبکہ سینکڑوں صارفین نے کارٹون نیٹ ورک بند ہونے والی اسٹوری اور پوسٹ کو دوبارہ ری پوسٹ بھی کیا تھا۔ایک صارف نے افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’کارٹون نیٹ ورک کے ساتھ ہماری بہت سی یادیں وابستہ ہیں، ہمیں یہ نیٹ ورک بہت یاد آئے‘۔تیزی سے گردش ہونے والی خبروں کے بعد کارٹون نیٹ ورک نے ٹوئٹ کیا کہ ’کارٹون نیٹ ورک کہیں نہیں جارہا بلکہ کارٹون نیٹ ورک کو 30 سال مکمل ہوگئے ہیں‘۔خیال رہے کہ امریکی کمپنی ’کارٹون نیٹ ورک‘ یکم اکتوبر 1992 کو متعارف کروائی گئی تھی، کارٹون نیٹ ورک کے کارٹونز پاور پَف گرلز، ایڈونچر ٹائم، لونی ٹونز، ٹام اینڈ جیری، اسکوبی ڈو، بین 10 بچوں اور بڑوں میں دلچسپی اور شوق سے دیکھے جاتے ہیں۔

Related Articles