کھلاڑیوں کے جشن منانے کے منفرد انداز: یوسین بولٹ سے مو فرح تک

لندن،ستمبر۔معروف ایتھلیٹ اور دنیا کے تیز ترین شخص یوسین بولٹ اپنے جشن کے مخصوص انداز کے لوگو کے جملہ حقوق محفوظ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔تاہم وہ واحد سٹار نہیں ہیں جن کا انداز یادگار ہو۔ اس تحریر میں ہم نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ یوسین بولٹ ایسا کیوں کر رہے ہیں اور وہ کون سے دوسرے سٹار ہیں جن کے جشن کے منفرد انداز ہیں۔امریکہ کے پیٹنٹ اور ٹریڈ مارک آفس کے مطابق یوسین بولٹ نے 17 اگست کو جشن کے اپنے مخصوص انداز کے جملہ حقوق کو محفوظ کرانے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔واشنگٹن میں مقیم ٹریڈ مارک وکیل جوش گیربن کے مطابق یوسین بولٹ کے مخصوص انداز میں ’ایک بازو مڑا ہوا اور سر کی طرف اشارہ کرتا ہے، جبکہ دوسرا بازو اوپر کی طرف اشارہ کرتا ہے۔‘میگن ریپینو جشن منانے کے اپنے مخصوص انداز کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔ امریکہ کی فٹ بال ورلڈ اور اولمپک چیمپئن میگن ریپینو اپنے بازو دونوں جانب اتنا پھیلا لیتی ہیں جتنا وہ پھیل سکتے ہیں اور پھر ان کے چہرے پر باوقار مسکراہٹ نظر آتی ہیں۔2019 میں فیفا ویمن پلیئیر کا اعزار جیتنے والی میگن کا انداز ان کے مداحوں کو بہت پسند ہے۔ ان کے انداز کی نقل کرنا بھی آسان ہے۔برطانوی ایتھلیٹ سر مو فرح نے اولمپکس، ورلڈ اور یورپی مقابلوں میں لمبے فاصلے کی دوڑیں جیتی ہیں۔ انھیں برطانیہ کا عظیم ترین اتھلیٹ بھی کہا جاتا ہے۔سر مو فرح اپنے مخصوص انداز ’موبوٹ‘ کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔وہ اپنی جیت کے موقع پر اپنے ہاتھوں کی انگلیوں کو کچھ اس انداز سے سر پر رکھتے ہیں کہ ان کے بازو ایم یعنی مو کی شکل بن جاتے ہیں۔پرتگال اور مانچسٹر یونائٹیڈ کلب کے مشہور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے جشن منانے کا ایک پیچیدہ انداز اپنا رکھا ہے۔ وہ گول کر کے دوڑتے ہوئے ہوا میں جمپ لگا کر ہوا میں گھوم جاتے ہیں اور اپنے بازو کچھ اس انداز میں نیچے لاتے ہوئے بلند آواز میں لفظ ’سی‘ کہتے ہیں۔ پرتگالی لفظ ’سی‘ کا مطلب ہے ہاں۔اور آخر میں جنوبی کوریا اور ٹوٹنہم فٹ بال کلب کے فٹبالر سان ہیونگ من کا گول کی خوشی منانے کا انداز بھی بہت منفرد ہے۔وہ گول کر کے کچھ اس انداز میں اپنی انگلیوں کو جوڑتے ہیں کہ جیسے وہ تصویر بنا رہے ہیں۔یوسین بولٹ پہلے ایسے کھلاڑی نہیں ہیں جن کا جشن منانے کا ایک مخصوص انداز ہے لیکن اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے ان کا انداز دنیا میں سب زیادہ پہچانا جاتا ہے اور اگر ان کے حقوق کو مان لیا گیا تو اس کی شناخت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

Related Articles