کوہلی نے بیماری کے باوجود سنچری بنائی، اہلیہ انوشکا کا دعویٰ

احمد آباد،مارچ۔ بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔اور سوا تین سال کے عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے جس کے باعث انہیں پلیئر آف دی میچ کا بھی اعزاز دیا گیا۔ یادگار اننگز کے دوران اْن کی صحت سے متعلق کچھ چہ مگوئیاں دیکھنی میں آئیں کہ انہوں نے بیماری کی حالت میں بیٹنگ کی ہے۔ ان باتوں کو ہوا ان کی اہلیہ انوشکا شرما نے دی۔ بالی وْڈ کی اداکارہ سوشل میڈیا پر لکھا کہ اس اطمینان کے ساتھ وہ بیماری میں بھی کھیل رہے ہیں اور ہمیشہ کی طرح مجھے متاثر کر رہے ہیں۔دوسری جانب ٹیسٹ میچ ختم ہونے کے بعد جب کپتان روہت شرما سے اس متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق نہ کی۔ روہت شرما نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ سوشل میڈیا پر جو دیکھتے ہیں اس پر یقین نہ کیا کریں۔ میرا نہیں خیال کہ وہ ان فٹ تھے۔ انہیں بس تھوڑی کھانسی کی شکایت تھی۔ روہت شرما کے علاوہ میچ کے اختتام پر بولنگ آل راؤنڈر اکشر پٹیل نے بھی کوہلی کے بیمار ہونے کی نفی کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے علم نہیں ہے۔ جیسے وہ بھاگ رہے تھے اور جیسے انہوں نے شراکت قائم کی، اس سے لگ نہیں رہا تھا کہ وہ بیمار ہیں۔یاد رہے کہ کوہلی نے پہلی اننگز میں 364 گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے 186 رنز بنائے۔میچ ڈرا ہوگیا لیکن بھارت نے آسٹریلیا کے ساتھ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

 

Related Articles