کم کارڈیشین جعلی زیورات کیوں استعمال کرتی ہیں؟
نیویارک،اگست۔امریکی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین نے بتا دیا کہ وہ کیوں دنیا کی تمام آسائشیں خریدنے کی استطاعت رکھنے کے باوجود جعلی زیورات کے استعمال یا زیورات ادھار میں لینے کو ترجیح دیتی ہیں۔41 سالہ امریکی سْپر اسٹار اور بزنس ویمن ہونے کے باوجود کم کارڈیشین قیمتی زیورات اپنی ملکیت میں رکھنا پسند نہیں کرتیں، یہاں تک کہ وہ قیمتی زیورات بطور تحفہ بھی قبول نہیں کرتیں۔غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کی زندگی میں یہ تبدیلی 2016ء میں پیرس میں ہونے والی ڈکیتی کے بعد آئی۔یاد رہے کہ انہیں 2016ء میں 12 ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر لوٹ لیا تھا، فرانس کی 2 دہائیوں میں یہ سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات تھی جس میں ملزمان نے پولیس کا روپ دھار کر کارروائی کی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 2016ء میں کم کارڈیشین نے فرانس کے فیشن ویک میں شرکت کی غرض سے کرائے پر ایک گھر لیا تھا جس میں رات گئے 5 ڈاکو پولیس کے روپ میں داخل ہوئے، جنہوں نے کم کارڈیشین کو بستر سے اْٹھا کر باتھ ٹب میں باندھ کر بٹھا دیا تھا۔اس وقت ان کے گھر میں 10 ملین ڈالرز کے زیورات موجود تھے جو ڈاکوؤں نے لوٹ لیے، جن میں ان کی منگنی کی قیمتی ہیرے کی انگوٹھی بھی شامل تھی جس کی مالیت 4 ملین ڈالرز سے زائد تھی۔کم کارڈیشین کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے سے اتنا خوف زدہ ہوگئی تھیں کہ اس کے ایک سال بعد تک ان کے گھر کے باہر نصف درجن گارڈ مسلسل تعینات رہتے تھے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس واقعیکے بعد سے اپنی ملکیت میں کوئی قیمتی اشیاء نہیں رکھنا چاہتی، گھر میں کوئی قیمتی شے نہیں آتی اور جو زیورات استعمال کرتی ہیں وہ یا تو ادھار کے ہوتے ہیں یا پھر جعلی۔واضح رہے کہ حال ہی میں ان 12 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا جو اس واقعے میں ملوث تھے، ان میں سے ایک یونس عباس نامی ملزم نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کم کارڈیشین کو اپنی دولت کا ان لوگوں کے سامنے کم دکھاوا کرنا چاہیے جو ہر چیز کھلے عام خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ملزم کا مزید کہنا تھا کہ امریکی ماڈل کو لوٹنے کا خیال اس وقت آیا جب سوشل میڈیا پر انہیں کئی مرتبہ اپنے زیورات اور پیسوں کا دکھاوا کرتے دیکھا، وہ بار بار اپنی دولت دکھاتی تھیں۔ملزم یونس عباس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ویڈیو میں کم کارڈیشین بیحد پیسے اڑا رہی تھیں تو ہم نے سوچا کیوں نہ ہم ہی یہ پیسے ان سے لے کر اپنے پاس جمع کر لیں۔