کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کا بھارت جوڑو یاترا کے دوران انتقال

جالندھر، جنوری ۔ جالندھر سے کانگریس کے لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کا ہفتہ کی صبح ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شرکت کے دوران انتقال ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔مسٹر چودھری کی موت کے بعد یاترا روک دی گئی ہے۔ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایم ایل ایز رانا گرجیت سنگھ اور وجے اندر سنگلا کے ساتھ اسپتال میں ایم پی کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ٹویٹر پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے، پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا ’’میں جالندھر سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کے بے وقت انتقال پر بہت افسردہ ہوں۔ ایشور ان کی روح کو سکون عطار کرے۔یاترا فلور علاقے سے گزر رہی تھی جب مسٹر سنگھ کو دل کا دورہ پڑا۔ معلوم ہوا ہے کہ وہ مسٹر گاندھی کے ساتھ جذام کے آشرم سے نکلے تھے، تبھی وہ بے ہوش ہو کر گر گئے۔ انہیں قریبی پھگواڑہ کے ویرک اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔مسٹر چودھری کے بیٹے وکرم جیت سنگھ چودھری فلور اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے ہیں۔ مسٹر سنتوکھ سنگھ نے دو بار 2014 میں اور بعد میں 2019 میں لوک سبھا انتخابات جیتے تھے ۔لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے مسٹر چودھری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ’’میں جالندھر سے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ جی کے انتقال پر تعزیت کرتا ہوں۔ اپنی طویل عوامی زندگی میں وہ ہمیشہ عوامی مفاد کے مسائل پر آواز بلند کرتے رہے۔ ایوان میں نظم و ضبط ان کے ساتھ اپنی بات رکھنا انکی شخصیت کی خاصیت تھی۔ ایشور آنجہانی کی روح کو سکون عطا کرے۔ اہل خانہ سے میری تعزیت‘‘۔مسٹر گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا ہفتہ کو جالندھر میں داخل ہونے والی تھی۔ رات کا آرام پھگواڑہ میں تھا۔ سیکورٹی کی ذمہ داری کپورتھلہ اور جالندھر پولیس کے تقریباً ایک ہزار جوانوں کے کندھوں پر ہے۔ یہ یاترا صبح سات بجے لدھیانہ کے لاڈووال سے شروع ہوئی۔ مسٹر چودھری 18 جون 1946 کو دھالیوال میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے بی اے ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی تھی۔ وہ ماسٹر گربنتا سنگھ کا بیٹے تھے۔ ان کی والدہ کا نام سمپورن کور ہے۔ وہ دھالیوال میں پیدا ہوئے۔ ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔انہوں نے مسلسل دوسری بار جالندھر لوک سبھا سیٹ جیتی۔ 2014 میں، انہوں نے اکالی دل کے پون کمار ٹینو کو شکست دے کر کانگریس کے امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن جیتا تھا۔ اگست 2014 میں، وہ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی بہبود کی کمیٹی کے رکن بنے۔ اس کے علاوہ وہ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات سے متعلق قائمہ کمیٹی اور شہری ترقی، ہاؤسنگ اور شہری غربت کے خاتمے کی وزارت کی مشاورتی کمیٹی کے رکن تھے۔اس سے قبل وہ 2004 سے 2010 تک پنجاب ریاستی کانگریس کے نائب صدر رہے۔ 2002 میں، انہوں نے فلور اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑا اور اکالی دل کے امیدوار سرون سنگھ فلور کو شکست دے کر کابینہ کے وزیر بنے۔ سال 1992 میں انہوں نے فلور اسمبلی سیٹ سے بہوجن سماج پارٹی کے دیو راج سندھو کو شکست دی۔

Related Articles