بی جے پی کو گوا میں مکمل اکثریت ملے گی: ساونت

پنجی، جنوری ۔ گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے منگل کے روز اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) آئندہ اسمبلی انتخابات میں 22 سے زیادہ سیٹیں جیت لے گی۔انہوں نے سانکھلی اسمبلی حلقہ میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پہلی بار بی جے پی نے ریاست کی تمام 40 اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ ہمیں زبردست رسپانس مل رہا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس بار ہم 22 سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے۔ میں ذاتی طور پر انتخابی مہم کی نگرانی کر رہا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ ہم مکمل اکثریت سے الیکشن جیتیں گے اور اگلی حکومت بنائیں گے۔مسٹر ساونت نے اپنی پارٹی کے سرکاری مشینری کے ذریعے اپوزیشن جماعتوں کو دھمکانے کے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ یہ الزامات پوری طرح سے جھوٹے ہیں کیونکہ بی جے پی لیڈروں کو بھی نوٹس مل رہے ہیں۔منڈریم اسمبلی حلقہ میں پارٹی امیدوار دیانند سوپٹے کے حق میں مہم کے دوران انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ لوگ بی جے پی کے ذریعہ کئے گئے کام کو جانتے ہیں اور پارٹی کو ہی ووٹ دیں گے۔مسٹرساونت نے کہا کہ آج ریاست میں صحت عامہ کے 52 مراکز ہیں۔ لوگ جانتے ہیں کہ ہم نے دس سالوں میں کیا کام کیا ہے۔ ہم نے منشور میں جو وعدہ کیا تھا اس میں سے 70 سے 80 فیصد پورا کر دیا ہے۔ پہلے 24 لاکھ سیاح گوا آتے تھے لیکن اب 86 لاکھ سیاح ریاست کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس بی جے پی پر تنقید کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ لکشمی کانت پارسیکر سے بات چیت کی جا رہی ہے تاکہ وہ فیصلہ بدلنے کے لیے تیار ہوں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ مسٹر پارسیکر نے حال ہی میں بی جے پی چھوڑی ہے۔ گوا کی تمام 40 اسمبلی سیٹوں پر 14 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

Related Articles