چوتھی اننگز میں 160رنز، عبداللّٰہ عظیم کرکٹرز کیساتھ ریکارڈ بک میں شامل
کراچی،جولائی۔گال ٹیسٹ میں 160رنز کی میچ وننگ اننگز نے عبداللہ شفیق کوریکارڈ بک میں عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ دلادی۔ وہ ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں فاتح ٹیم کی جانب سیطویل ترین بیٹنگ کرنے والے بیٹر بن گئے۔ وہ 524منٹ کریز پر موجود رہے۔ واضح رہے کہ اعداد و شمار کی دستیابی کے بعد یہ ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں تیسری طویل ترین بیٹنگ ہے۔ انہوں نے 408گیندیں کھیلیں۔ ہدف کے تعاقب میں سب سے زیادہ گیندیں کھیلنے والوں کی فہرست میں ان کا دوسرا نمبر ہے۔ انگلینڈ کے ہربرٹ سٹکلفٹ نے 1928میں آسٹریلیا کیخلاف462گیندوں پر 135رنز بنائے تھے۔ ایشیا میں کامیاب ہدف کے تعاقب میں عبداللّٰہ شفیق کے 160رنز تیسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ پاکستان کیلئے ٹیسٹ میں چوتھی اننگز میں160رنز تیسرا بڑا اسکور ہے۔ چوتھی اننگز میں سب سے بڑا اسکور196کا ریکارڈ بابر اعظم کے پاس ہے، انہوں نے آسٹریلیا کیخلاف ٹیم کو شکست سے بچایا تھا۔ دوسرا سب سے بڑا اسکور 171رنز یونس خان ہے۔ اوپنر کی جانب سے ٹیسٹ میں کامیاب ہدف کے تعاقب میں عبداللّٰہ کی اننگز تیسری سب سے بڑی رہی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ابتدائی 6 میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں عبداللّٰہ شفیق چوتھے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 720رنز بنالیے ہیں۔ سب سے زیادہ 912رنز بنانے کا ریکارڈ سنیل گاواسکر کے پاس ہے۔ آسٹریلیا کے ڈان بریڈمین نے 862جبکہ ویسٹ انڈیز کے جارج ہیڈلی نے 730رنز بنائے تھے۔