پیرالمپکس میں بیڈمنٹن کوچ گورو کھنہ کو اعزاز سے سرفراز کیا گیا
لکھنؤ ، ستمبر۔ ٹوکیو پیرالمپکس میں بیڈمنٹن میں ہندوستان کے چار تمغوں میں کلیدی کردار ادا کرنے والے کوچ گورو کھنہ اور مکسڈ ڈبلز میں سیمی فائنل میں پہنچنے والے پلک کوہلی کو پیر کو ایکسیلیا اسکول میں اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورو کھنہ نے بتایا کہ ہندوستانی ٹیم نے پرمود بھگت ، کرشنا ناگر ، سوہاس ایل وائی اور منوج سرکار کی انتھک محنت کے پیچھے ٹوکیو میں دو سونے ، ایک چاندی اور ایک کانسے کے تمغے جیتے ہیں۔ بیڈمنٹن کو پہلی بار ٹوکیو پیرالمپکس میں شامل کیا گیا ، ٹیم سات اراکین پر مشتمل تھی جن میں سے صرف پلک ، پارول پرمار اور ترون ڈھلون تمغوں سے محروم رہے۔ تاہم یہ کھلاڑی میڈل کے بہت قریب پہنچ گئے تھے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ 2024 میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقد ہونے والے اگلے پیرالمپک گیمز میں ہندوستان کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔پلک کوہلی نے بتایاکہ سیمی فائنل میں پرمود کے ساتھ مکسڈ ڈبلز میں وہ فتح کے بہت قریب تھی لیکن آخری لمحے میں کچھ غلطی اسے مہنگی پڑی۔ پلک نے بتایا کہ اب میں پیرس پیرالمپکس میں اچھا کرنا چاہوں گی۔