پہلی بار سمندر کے اندر 5 میل گہرائی میں مچھلیاں دریافت

ٹوکیو،اپریل۔سائنسدانوں نے پہلی بار سمندر کے اندر 5 میل سے زیادہ گہرائی میں مچھلی کی ایک قسم کو دریافت کیا ہے۔ٹوکیو یونیورسٹی اور ویسٹرن آسٹریلیا یونیورسٹی کے ماہرین نے جاپان کے جنوب میں بحر الکاہل کی 8336 میٹر گہرائی میں مچھلیوں کو تیرتے ہوئے دریافت کیا۔محققین نے بتایا کہ یہfish Snail کی ایک قسم تھی اور ایسا پہلی بار ہوا کہ کسی مچھلی کو اتنی گہرائی میں دریافت کیا گیا۔یہ واضح نہیں کہ یہ مچھلی کتنی بڑی تھی مگر عموماً اس طرح کی مچھلیاں 4 سے 5 انچ بڑی ہوتی ہیں۔یہ تحقیق بنیادی طور پر سمندروں کی گہرائی میں رہنے والی مچھلیوں کی آبادی کی تعداد جاننے کے لیے کی جا رہی ہے۔محققین کے مطابق سمندر کا یہ حصہ اس طرح کی کھوج کے لیے زبردست مقام ہے جہاں زندگی کی چہل پہل ہے، یہاں تک تہہ میں بھی۔اس مچھلی کو Izu-Ogasawara trench کی گہرائی میں بغیر انسانوں کے کام کرنے والی submersibles کے ذریعے دریافت کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم بچپن سے سنتے آ رہے ہیں کہ سمندر کی بہت زیادہ گہرائی میں اتنا دباؤ ہوتا ہے کہ وہاں کسی کا زندہ رہنا ممکن نہیں ہوتا۔واضح رہے کہ سمندر کی 8 ہزار میٹر گہرائی میں سطح کے مقابلے میں 800 گنا زیادہ دباؤ ہوتا ہے اور اتنے زیادہ دباؤ میں کسی جاندار کو پہلے زندہ نہیں دیکھا گیا تھا۔

Related Articles