ٹنڈولکر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیموں کی پیشگوئی کردی
ممبئی،اکتوبر۔آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میلہ آسٹریلیا میں جاری ہے، ٹورنامنٹ کے شروع ہونے سے قبل ہی سابق کرکٹرز نے مختلف پیشگوئیاں کیں۔پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کے بعد بھارتی لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے۔برطانوی اخبار ٹیلی گراف سے بات کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر نے پیشگوئی کی کہ آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں بھارت ،پاکستان ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہنچیں گی۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ ورلڈکپ کون جیتے گا؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ میرا دل تو بھارت کی طرف ہے۔اس کے علاوہ 23 اکتوبر کو ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ اس میچ میں بھارت پاکستان کو شکست دے گا۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جارہے ہیں، ٹورنامنٹ کے لیے کْل 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔پہلے مرحلے کے اختتام پر چار ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی، سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا جبکہ پاکستان اور بھارت 23 اکتوبر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔