شاہین کی خطرناک یارکر سے افغان اوپنر رحمن اللہ گرباز زخمی

برسبین،اکتوبر۔افغانستان کے اوپننگ بلے باز رحمٰن اللہ گرباز پاکستان کے خلاف ٹی20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی شاندار یارکر پر زخمی ہو گئے۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان آج ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیل گیا وارم اپ میچ بارش کی وجہ سے نامکمل اور بے نتیجہ رہا۔تاہم اس میچ کے دوران جہاں شاہین شاہ آفریدی ایک مرتبہ پھر پوری جوبن پر دکھائی دیے وہیں ان کی عمدہ باؤلنگ نے رحمٰن اللہ گرباز کو ہسپتال پہنچا دیا۔پاکستانی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نے اپنے پہلے ہی اوور میں شاندار سوئنگ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور پانچویں ہی گیند پر خوبصورت یارکر پر افغان اوپنر کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔تاہم اس یارکر پر جہاں رحمٰن اللہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے وہیں وہ انجری کا شکار ہو کر ہسپتال بھی جا پہنچے۔انہیں فوری طبی امداد کی فراہمی کے بعد اسکین کے لیے ہسپتال لے جایا گیا کیونکہ یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ان کے پیر میں فریکچر ہو گیا ہے۔تاہم ہسپتال پہنچنے پر ان کی رپورٹ کلیئر قرار دی گئیں اور افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ رحمٰن اللہ کے پیر میں فریکچر نہیں ہوا۔بورڈ نے بیان میں کہا کہ دو دن بعد اوپننگ بلے باز کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور امید ظاہر کی کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ہفتے ہونے والے پہلے میچ سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔واضح رہے کہ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان محمد نبی کی نصف سنچری کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں لیں۔پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ابھی 2.2 اوورز میں 19رنز ہی بنائے تھے کہ میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی مشاورت سے میچ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

Related Articles