ون ڈے رینکنگ: پاکستان نے آسٹریلیا سے تیسری پوزیشن چھین لی
آئی سی سی،جون۔پاکستان نے آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں ایک درجہ مزید ترقی کرتے ہوئے آسٹریلیا سے تیسری پوزیشن چھین لی۔گزشتہ روز سری لنکا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو 26 رنز سے شکست دے کر 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی تھی، سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم چوتھے نمبر پر پہنچ گئی۔سیریز کے بارش سے متاثرہ پہلے میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ایک درجہ ترقی کے بعد پاکستان نے آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں چوتھی سے تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ہوم گراؤنڈ پر کلین سوئپ کرکے ون ڈے رینکنگ میں بھارت سے چوتھی پوزیشن چھین لی تھی تاہم آسٹریلیا کو سری لنکا کے خلاف 26 رنز سے شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کی ریٹنگ میں ایک پوائنٹ کا اضافہ ہوا، اس طرح گرین شرٹس نے تیسری پوزیشن سنبھال لی جبکہ کینگروز ایک پوائنٹ کی تنزلی سے چوتھے نمبر پر آگئے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔آئی سی سی کی تازہ رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ 125 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ 124 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، پاکستان 106 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ آسٹریلیا اور بھارت 105 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر قابض ہیں۔جنوبی افریقا کی ٹیم 99 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، بنگلہ دیش 95 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، سری لنکا 86 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 72 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور افغانستان کی ٹیم 69 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سوئپ کی بدولت 4 پوائنٹس حاصل کر کے ایک درجے بہتری کے بعد چوتھی پوزیشن سنبھالی تھی۔گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان کی 50 اوورز کی کرکٹ میں کارکردگی بہت اچھی رہی ہے اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کے علاوہ پاکستان نے بقیہ تمام سیریز میں بہترین کھیل پیش کیا۔پاکستان نے زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کو بھی مات دی اور اب ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سوئپ کیا۔آنے والے دنوں میں بھی پاکستان کی ٹیم کی ون ڈے کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے کیونکہ پاکستان کی ٹیم افغانستان اور نیدرلینڈز کے خلاف ملک سے باہر سیریز کھیلنے کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کی میزبانی بھی کرے گی۔یاد رہے کہ 2 روز قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری کی تھی جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پہلی اور اوپنر امام الحق دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔پاکستان کیان فارم اوپنر امام الحق بھارت کے تجربہ کار ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ کر آئی سی سی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آئے تھے۔یہ پہلی بار ہوا تھا کہ پاکستان کے 2 بلے بازوں نے آئی سی سی رینکنگ میں دونوں ابتدائی پوزیشن حاصل کی تھیں۔امام الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کی حالیہ ون ڈے سیریز کے دوران 3 نصف سنچریاں بنائیں تھیں، ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف افتتاحی میچ میں اپنی 17ویں ون ڈے سنچری کے ساتھ ون ڈے پلیئرز کی درجہ بندی میں اپنی شاندار برتری کو برقرار رکھا تھا۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ میں کپتان بابر اعظم پہلے، امام الحق دوسرے جبکہ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔