ورلڈ باکسنگ کونسل: پاکستان کے محمد وسیم نے سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیت لیا
نومبر,پاکستان کے 34 برس کے باکسر محمد وسیم نے جمعے کو ہونے والے بین الاقوامی باکسنگ کے ایک مقابلے میں کولمبیا کے رابرٹ بریرا کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیت لیا۔محمد وسیم نے، جنہیں ’فالکن‘ (شہباز) کے لقب سے بھی پکارا جاتا ہے، کولمبیا کے رابرٹ بریرا کو ریفریز کے متفقہ فیصلے کی صورت میں شکست دی۔انہوں نے پوائنٹس ٹیبل پر 115-113، 115-114، 117-111 کی سبقت برقرار رکھی۔رپورٹس کے مطابق رابرٹ بریرا نے بھی باکسنگ فائٹ کے دوران سخت مقابلہ کیا لیکن وہ دو راؤنڈز میں دباؤ میں نظر آئے۔اپنی جیت کے بعد محمد وسیم نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران اپنے ٹرینر کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ انہوں نے پاکستان کے لیے ایک سنگ میل عبور کر لیا ہے۔انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حمایت نے ان کا حوصلہ بڑھایا۔یہ دوسری دفعہ ہے کہ انہوں نے اپنے 12ہوے مقابلے میں کوئی ٹائٹل جیتا ہے۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ بہت یادگار رات تھی۔ وہ ڈبلیو بی سی سلور چیمپئن بن گئے ہیں اور دوسری مرتبہ ڈبلیو بی اے اور ڈبلیو بی سی ورلڈ ٹائٹل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔چونتیس برس کے ’’فالکن خان‘‘ نے اب تک 12 پروفیشنل مقابلوں میں سے 11 میں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ محض ایک میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ٹوئٹر پر پاکستانی کرکٹر وہاب ریاض نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد وسیم سب کو حیران کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فالکن اپنی پرواز جاری رکھو۔انہوں نے محمد وسیم کی جیت کے بعد رقص کی ویڈیو بھی ٹوئٹر پر شئیر کی۔