وجے ہزارے ٹرافی ون ڈے ٹورنامنٹ کا آغاز، رانچی میں 15 میچ کھیلے جائیں گے

رانچی، دسمبر۔۔وجے ہزارے ٹرافی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ بدھ سے شروع ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کے 15 میچ رانچی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچ رانچی کے جے ایس سی اے اسٹیڈیم کے علاوہ کون اسٹیڈیم میں بھی کھیلے جائیں گے۔ بدھ کو پہلے روز تین میچ ہوں گے۔ جے ایس سی اے کے مین اسٹیڈیم میں پنجاب اور راجستھان کے درمیان ٹکر ہوگی۔ گوا اور آسام کے درمیان میچ جے ایس سی اے اسٹیڈیم کے اوول گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جب کہ ریلوے اور آرمی کے درمیان میچ میکون اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ وجے ہزارے ٹرافی کے ان میچوں کو اس لحاظ سے بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ یعنی آئی پی ایل کی میگا نیلامی اس ٹورنامنٹ کے بعد ہونے والی ہے۔ آئی پی ایل ٹیموں کی فرنچائزز اس ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کے مظاہرہ پر بھی نظر رکھیں گی۔ رانچی میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے ایلیٹ ای گروپ کے میچوں کے شیڈول کے مطابق 9 دسمبر کو گوا اور راجستھان، پنجاب اور ریلوے اور سروسز اور آسام کی ٹیموں کے درمیان میچز ہوں گے۔ آرام کا دن 10 دسمبر کو ہوگا۔ 11 دسمبر کو گوا اور آرمی، پنجاب اور آسام اور ریلوے اور راجستھان کے درمیان میچ ہوں گے۔ پنجاب اور آرمی کی ٹیمیں 12 تاریخ کو جے ایس سی اے مین سٹیڈیم میں ٹکرائیں گی۔ گوا اور ریلوے کے میچ اوول اسٹیڈیم میں اور راجستھان اور آسام کے میچ میکون اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ 13 دسمبر کو بھی آرام کا دن ہوگا، جبکہ 14 کو ریلوے اور آسام، راجستھان اور آرمی اور گوا اور پنجاب کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔ ٹرافی کے دیگر میچز ترواننت پورم، چندی گڑھ، راجکوٹ، ممبئی، گوہاٹی اور جے پور میں کھیلے جا رہے ہیں۔ وجے ہزارے ٹرافی کو رنجی سطح کے ون ڈے ٹورنامنٹ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ سال 2002–03 میں ایک محدود اوورز کے ٹورنامنٹ کے طور پر شروع کیا گیا تھا جس کا نام مشہور ہندوستانی کرکٹر وجے ہزارے کے نام پر رکھا گیا تھا۔ تمل ناڈو کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں پانچ بار چیمپئن شپ جیت چکی ہے۔

 

Related Articles