نیوزی لینڈ کی ایمی سیٹرتھ ویٹ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا

کرائسٹ چرچ، مئی۔ نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان ایمی سیٹرتھ ویٹ نے نیوزی لینڈ کرکٹ سے سالانہ معاہدہ نہ ہونے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعرات کو یہ اطلاع دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ نے کہا کہ 2007 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والی ایمی نے اپنے 15 سالہ طویل کیریئر کے دوران نیوزی لینڈ کے لیے 111 ٹی۔ ٹوئنٹی اور 145 ون ڈے میچز کھیلے۔ نیوزی لینڈ کے لیے سب سے زیادہ ون ڈے کھیلنے والی ایمی کو بتایا گیا کہ انھیں 2022-23 کے سیزن کے لیے معاہدے کی پیشکش نہیں کی جائے گی جس کے بعد انھوں نے یہ فیصلہ کیا۔ ایمی نے 2018-19 میں نیوزی لینڈ کی کپتانی کی تھی، کینٹربری میجشینز کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گی۔ اس کے علاوہ وہ اگست میں منعقد ہونے والے ویمنز ہنڈریڈ میں مانچسٹر اوریجنلز کے لیے بھی کھیلیں گی۔ اپنے کرکٹ کیرئیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایمی نے بتایاکہ میں انتہائی افسوس کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہی ہوں۔ نیوزی لینڈ کی کرکٹ کو نئی سمت میں گامزن کرنے اور نوجوان کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دینے کے فیصلے کے بارے میں جاننے کے بعد گزشتہ چند دن میرے لیے مشکل تھے۔ انہوں نے کہاکہ “میں کنٹریکٹ نہ ملنے پر مایوس ہوں اور مجھے یقین ہے کہ میں اب ٹیم میں مزید حصہ ڈال سکتی تھی۔ اس کے باوجود میں نیوزی لینڈ کرکٹ کے فیصلے کا احترام کرتی ہوں اور ٹیم کو کامن ویلتھ گیمز سمیت آئندہ کرکٹ سیزن کے لیے مبارکباد دیتی ہوں۔ میں اس کی حمایت جاری رکھوں گی۔ نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والی ایمی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 38.33 کی اوسط سے 4,639 رنز بنائے ہیں جس میں سات سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے ون ڈے میں 50 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ایمی نے اپنے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں 1784 رنز بنائے ہیں جو نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ کی تاریخ میں تیسرے سب سے زیادہ رنز ہیں۔

Related Articles