نیشیموٹو، یاماگوچی نے جاپان اوپن کا خطاب جیتا
اوساکا، ستمبر۔ جاپان کے کینتا نیشموٹو اور اکانے یاماگوچی نے اتوار کو جاپان اوپن 2022 کے مردوں اور خواتین کے سنگلز کا خطاب جیت لیا۔ عالمی درجہ بندی میں نمبر 21 نیشیموٹو نے مردوں کے سنگلز فائنل میں تائیوان کی چوتھی سیڈ چوؤ ٹیئن چن کو 21-19، 21-23، 21-17 سے شکست دے کر اپنا پہلا بین الاقوامی ٹورنامنٹ جیتا۔ 28 سالہ نشیموٹو نے کہا، میں اپنا پہلا خطاب جیتنے کے بعد واقعی خوش ہوں اور تھوڑا سا سکون محسوس کر رہا ہوں۔ میں تیسرے گیم کو لے کر بہت پریشان تھا۔ وہ (ٹیئن-چن) ایک سینئر کھلاڑی ہیں اور ہوشیاری کے ساتھ کھیلناجانتے ہیں، اس لئے مجھے آخر تک چوکنا رہنا تھا۔ دوسری جانب یاماگوچی نے جاپان کو دوسرا طلائی تمغہ دلاتے ہوئے خواتین کے سنگلز فائنل میں جنوبی کوریا کی این سی ینگ کو 21-9، 21-15 سے ہرایا۔ یاماگوچی نے گزشتہ ہفتے ٹوکیو میں اپنا ورلڈ ٹائٹل برقرار رکھتے ہوئے اس جیت کے ساتھ سال کا اپنا تیسرا خطاب حاصل کیا۔ عالمی نمبر ایک یاماگوچی نے جیت کے بعد کہا، ’’میں اور میرے حریف دونوں ہی واقعی تھکے ہوئے تھے اس لیے میں شروع سے ہی کھیل پر کنٹرول چاہتی تھی، مجھے اس میچ کو آخر تک لے جانا تھا، جب میں تھک گئی تو شائقین نے میرا ساتھ دے کر مجھے مزید کھیلنے کی ترغیب دی۔