نیرج سمیت 12 کھلاڑیوں کو کھیل رتن ، 35 کھلاڑی کوارجن ایوارڈزملا

نئی دہلی، نومبر۔ ٹوکیو اولمپکس میں نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کرنے والے نیرج چوپڑا اور چاندی کا تمغہ جیتنے والے پہلوان روی دہیا، اولمپک تمغہ جیتنے والی باکسر لولینا بورگوہین، فٹ بال کپتان سنیل چھتری، خواتین کرکٹر میتھالی راج، ہاکی گول کیپر پی آر شری جیش سمیت کل 12 کھلاڑیوں کو صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے سنیچر کے روز راشٹرپتی بھون میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں ملک کے اعلیٰ ترین کھیل اعزاز کھیل رتن سے نوازا، جبکہ 35 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے راشٹرپتی بھون کے دربار ہال میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں فاتحین کو مبارکباد دی۔ قومی کھیل ایوارڈ کمیٹی کی مکمل جانچ پڑتال اور سفارشات کے بعد، وزارت کھیل نے درج ذیل کھلاڑیوں، کوچز اور دیگر شخصیات کو کھیلوں کے ایوارڈز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل اسپورٹس ایوارڈ ہر سال 29 اگست کو ہاکی کے جادوگر میجر دھیان چند کے یوم پیدائش کے موقع پر دیا جاتا ہے لیکن اس بار تقریباً 29 اگست کو اولمپکس اور پیرا اولمپکس کی وجہ سے ایوارڈز دینے میں تاخیر ہوئی۔ نیشنل اسپورٹس ایوارڈ کمیٹی نے ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان کے لیے طلائی تمغہ جیتنے والے نیرج چوپڑا سمیت 12 کھلاڑیوں کانام 2021 کے میجردھیان چند کھیل رتن انعام کے لئے بھیجے تھے ۔نیرج کے علاوہ اس فہرست میں ریسلر روی دہیا، اولمپک میڈلسٹ باکسر لولینا بورگوہین، فٹ بال کھلاڑی سنیل چھتری، خواتین کرکٹر میتھالی راج، ہاکی کھلاڑی پی آر سریجیش سمیت کل 12 کھلاڑی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ٹوکیو پیرالمپکس میں طلائی سمیت دو تمغے جیت کر تاریخ رقم کرنے والی اونی لیکھرا سمیت 35 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان 35 کھلاڑیوں میں کرکٹر شیکھر دھون کا نام بھی شامل ہے۔ پیرالمپکس گیمز اس سال 24 اگست سے 5 ستمبر تک ٹوکیو میں منعقد ہوئے۔ اس دوران ہندوستانی کھلاڑیوں نے تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19 تمغے جیتے جو کہ پیرا اولمپک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ قومی کھیل ایوارڈز ہر سال کھیلوں میں شاندار کارکردگی کے مظاہرے کے لئے دیے جاتے ہیں۔

Related Articles