نتالی شیور کی عدم موجودگی کے باوجود انگلینڈ اچھی ٹیم ہے: ہرمن پریت کور
ڈرہم ، ستمبر۔ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے کہا ہے کہ آل راؤنڈر نتالی شیور کی عدم موجودگی کے باوجود انگلینڈ ایک اچھی ٹیم ہے اور وہ اسے ہلکے سے نہیں لیں گی۔ ہرمن پریت نے یہ بات سنیچر کو ڈرہم کے ریور سائیڈ گراؤنڈ میں ٹی20 سیریز کے آغاز سے قبل کہی۔ جمعرات کو نتالی شیور کو بھارت کے خلاف سیریز کے لیے اسٹینڈ ان کپتان نامزد کیا گیا تھا لیکن انہوں نے اپنی ذہنی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت کے خلاف سیریز سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔ کپتانی کی ذمہ داری اب وکٹ کیپر بلے باز ایمی جونز پر آگئی ہے۔ ہندوستانی کپتان نے کہا، "میں جانتی ہوں کہ انگلینڈ نتالی شیور کی کمی محسوس کرے گا لیکن اس کے باوجود وہ ایک اچھی ٹیم ہے۔ ہمیں اسے ہرانے کے لیے اچھا کھیلنا ہوگا۔ پچھلے 10 دنوں نے ہمیں تیاری کے لیے کافی وقت دیا ہے اور ہم سب بہتر نظر آرہے ہیں۔ زمین پر اترنا اور اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا آپ پر منحصر ہے۔”ہرمن پریت نے انکشاف کیا کہ جمائما: روڈریگز ہفتہ کے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی کیونکہ وہ ہاتھ کی چوٹ سے صحت یاب ہو رہی ہیں اور بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی کے عمل سے گزر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حالات کے مطابق بیٹنگ میں لچک دکھانا ہوگی۔