میگ لیننگ نے کرکٹ سے غیر معینہ مدت کا وقفہ لیا

میلبورن، اگست۔ آسٹریلیا کی بیٹنگ لیجنڈ میگ لیننگ نے بدھ کو غیر متوقع خبر دیتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر کرکٹ سے غیر معینہ مدت کے لیے وقفہ لے رہی ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے لیننگ کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی واپسی کی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔وقفے کا اعلان کرتے ہوئے لیننگ نے کہاکہ دو مصروف سالوں کے بعد میں نے ایک قدم پیچھے ہٹنے اور اپنے آپ پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے وقت نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں کرکٹ آسٹریلیا اور اپنے ساتھیوں کا ان کی حمایت کے لیے شکر گزار ہوں اور میں چاہتی ہوں کہ اس دوران میری رازداری کا احترام کیا جائے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ہیڈ آف ویمنز کرکٹ پرفارمنس شان فلیگلر نے کہاکہ ہمیں میگ پر فخر ہے کہ وہ اپنے لیے وقت نکالنے کی ضرورت کو تسلیم کرتی ہیں اور ہم اس دوران ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے گزشتہ دہائی کے دوران آسٹریلیائی کرکٹ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اپنے اور ٹیم کے لیے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وہ نوجوانوں کے لیے ایک بہترین رول ماڈل رہی ہیں۔‘‘ ہمارے کھلاڑیوں کے مفادات ہمیشہ ہماری ترجیح ہوتے ہیں۔ ہم میگ کے ساتھ اس کے لیے ضروری مدد اور رازداری فراہم کرنے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔‘‘واضح رہے کہ آسٹریلیا نے حال ہی میں لیننگ کی قیادت میں خواتین کرکٹ میں پہلا کامن ویلتھ گولڈ میڈل جیتا تھا جہاں انہوں نے فائنل میں ہندوستان کو شکست دی تھی۔ انہیں دی ہنڈریڈ میں ٹرینٹ روکرز کے لیے کھیلنا تھا لیکن اب انہوں نے کرکٹ سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آسٹریلیا کے ڈومیسٹک سیزن میں بھی ان کی شرکت پر سوالیہ نشان ہیں۔

Related Articles