میکولم کی کوچنگ اور سٹوکس کے کپتانی سنبھالنے کے بعد انگلش ٹیم خطرناک ہوچکی ہے، مائیکل وان

لندن ،ستمبر.انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا ہے کہ بین سٹوکس کی قیادت میں انگلش ٹیم آئندہ سال ایشز سیریز جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے، شکست کے خوف کے بغیر اور جارحانہ کرکٹ نے انگلش ٹیم کو خطرناک بنا دیا ہے۔ غیر ملکی جریدے کے لئے اپنے کالم میں سابق کپتان نے لکھا کہ اپریل کے آغاز میں اگر انگلینڈ کے ایشز جیتنے کے امکانات کے بارے میں پوچھا جاتا تو یہی جواب ہوتا کہ وہ ایسا نہیں کر سکتے لیکن ٹیسٹ کرکٹ کے حالیہ شاندار سیزن کے بعد یہ واضح ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سیریز میں کامیابی حاصل کرسکتی ہے۔ مائیکل وان نے کہا کہ برینڈن میکولم کی کوچنگ اور بین سٹوکس کے کپتانی سنبھالنے کے بعد انگلینڈ ٹیم نے اٹیکنگ کرکٹ کھیلنا شروع کی اور بہت خطرناک ہے، آسٹریلوی ٹیم انگلینڈ کے جارحانہ انداز سے خوفزدہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ناکامی کے خوف کے بغیر اور ایک جارحانہ انداز کی کرکٹ نے انگلینڈ کی موجودہ ٹیم کو اتنا بہترین بنا دیا ہے۔ وان نے کہا کہ دنیا کی بہترین ٹیم بننے کیلئے انگلش کھلاڑیوں کو مزید مستقل مزاجی ، تسلسل اور جذبے کے ساتھ کھیلنا ہوگا جیسا کہ وہ پورے سیزن میں کرتے آرہے ہیں۔

Related Articles