میرا دل موربی کے متاثرین سے جڑا ہواہے: مودی

کیوڑیا (گجرات) اکتوبر۔وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو گجرات کے نرمدا ضلع کے کیوڑیا میں ایکتا دیوس تقریب میں کہا کہ میں ایکتا نگر میں ہوں، لیکن میرا دل موربی کے متاثرین سے جڑا ہوا ہے۔مسٹر مودی نے کہا کہ ملک کے مختلف گوشوں سے یہاں ایکتا نگر میں آئے پولس فورس کے ساتھی، این سی سی کے نوجوان، فن سے وابستہ تمام فنکار، ملک کے مختلف حصوں میں ایکتا دوڑرن فار یونٹی میں حصہ لینے والے شہری بھائی بہن، ملک کے تمام اسکولوں کے طلبہ وطالبات، دیگر معززین اور تمام اہل وطن میں ایکتا نگر میں ہوں، لیکن میرا ذہن موربی کے متاثرین سے جڑا ہوا ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں ایسا درد کم ہی محسوس کیا ہے۔ ایک طرف درد سے لبریز دل ہے اور دوسری طرف عمل اور فرض کا راستہ ہے۔ میں راہ فرض کی ذمہ داریاں نباتے ہوئے آپ کے درمیان ہوں، لیکن ہمدردی سے بھرا میرادل متاثرہ خاندانوں کے بیچ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ حکومت غم کی اس گھڑی میں ہر طرح سے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔ گجرات حکومت کل شام سے پوری طاقت کے ساتھ راحت اور بچاؤ کاموں میں لگی ہوئی ہے۔ ریاستی حکومت کو بھی مرکزی حکومت کی طرف سے بھرپور مدد دی جا رہی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیموں کو بچاؤ آپریشن میں تعینات کیا گیا ہے۔ فوج اور فضائیہ بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ جو لوگ اسپتال میں زیر علاج ہیں، وہاں بھی مکمل چوکسی ہے۔ لوگوں کو کم سے کم پریشانیوں کا سامنا کرناپڑے اس کو ترجیح دی جا رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر بھائی پٹیل رات میں ہی موربی پہنچ گئے تھے۔ کل سے، وہ راحت اور بچاؤ کاموں کی کمانڈ کر رہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ میں ملک کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ آج راشٹریہ ایکتا دیوس کا یہ موقع بھی ہمیں متحد ہوکر اس مشکل گھڑی کا سامنا کرنے، فرض کی راہ پر گامزن رہنے کی ترغیب دے رہا ہے۔ مشکل ترین حالات میں سردار پٹیل کا صبر، ان کی تیاری سے سیکھتے ہوئے ہم کام کرتے رہے اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔

Related Articles