بنگال اسمبلی سے معطل بی جے پی کے 7ممبران اسمبلی معطلی منسوخ

کلکتہ،جون۔مغربی بنگال اسمبلی سے معطل بی جے پی کے 7ممبران اسمبلی کی معطلی کو واپس لے لیا گیا ہے۔جمعرات کی سہ پہراسپیکر نے بی جے پی ممبر اسمبلی اگنی مترا پال کی طرف سے اٹھائے گئے تحریک کی بنیاد پر اپوزیشن لیڈر شوبھندوادھیکاری اور چیف وہپ منوج تیگا سمیت چھ لوگوں کی معطلی کو منسوخ کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی اسمبلی میں تعطل کا خاتمہ ہوگیا۔آج دوپہر قانون ساز اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں بی جے پی ممبران اسمبلی کی معطلی واپس لینے کا فیصلہ لیا گیا۔ پارتھو چٹرجی، فرہاد حکیم اور شوبھن دیو چٹرجی جیسے سینئر وزراء نے معطلی کو ہٹانے کے حق میں ووٹ دیا۔ اس کے بعد بی جے پی ممبرا سمبلی اگنی مترا پال نے اسمبلی میں معطلی واپس لینے کی تجویز پیش کی۔اس تجویز پر بحث کرتے ہوئے پارلیمانی وزیر پارتھو چٹرجی نے کہاکہ اگر درخواست درست طریقہ کار کے مطابق کی جاتی تو مسئلہ بہت پہلے حل ہو سکتا تھا۔اس کے لیے اسمبلی سے باہر کہیں درخواست دینے کی ضرورت نہیں تھی۔ ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن اسمبلی میں ہو۔ لیکن اسمبلی کے وقار کی حفاظت کرنا بھی اپوزیشن کا فرض ہے۔ انہیں کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہیے جس سے اسمبلی کی شبیہ خراب ہو۔ گزشتہ پیر کو اسپیکر نے کہا تھا کہ معطلی واپس لینے کی درخواست میں طریقہ کار کی خرابی ہے۔ اس لیے اسے قبول نہیں کیا گیا۔ اس کے بعد احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی ممبران ا سمبلی پوسٹر لے کر اسمبلی گیٹ کے باہر بیٹھ گئے۔ یہ معاملہ بدھ تک بھی زیر التوا تھا۔تاہم، معطل کیے گئے پہلے دو بی جے پی کے ممبر اسمبلی مہر ادھیکاری اور سدیپ مکھرجی کی معطلی پرابھی تک باضابطہ طور پر نہیں اٹھایا گیا ہے۔اس معاملے کو لے کر بی جے پی کلکتہ ہائی کورٹ بھی گئی تھی۔کچھ دن پہلے ہائی کورٹ کے جسٹس راج شیکھر منتھا نے دونوں فریقوں کو اسمبلی کے اندر بیٹھ کر معاملہ حل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ اسپیکر نے بھی اس تجویز کا خیر مقدم کیا۔ بی جے پی پارلیمانی پارٹی نے عدالت کے مشورہ کے بعد اسمبلی میں تجویز لانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد وہ دو الگ الگ تجاویز لے کر آئے جس میں معطلی کو منسوخ کرنے کی درخواست کی گئی۔ لیکن اسپیکر نے طریقہ کار کی غلطیوں کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں تجاویز کو مسترد کر دیا۔ بالآخر جمعرات کو معطلی اٹھا لی گئی۔مارچ میں اسپیکر نے بی جے پی کے 6 ایم ایل ایز کو معطل کردیا تھا۔

 

Related Articles