موریہ نے وزیراعظم اور وزیر داخلہ سے کی ملاقات
نئی دہلی، اپریل ۔ اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے پیر کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر موریہ نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنی دوسری اننگز اور نئی ذمہ داری ملنے کے بعد وہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا آشیرواد لینے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گاؤں اور غریبوں کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر طاقت صرف کریں گے اور ہر اسکیم کا فائدہ ان تک پہنچانے کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے کہا ’’بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دنیا کی سب سے بڑی اور مضبوط پارٹی ہے۔ بی جے پی کے پاس اتر پردیش میں سب سے زیادہ ایم ایل اے اور ایم پی ہیں اور ہم 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں 75 کو عبور کرنے کے ہدف کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں‘‘۔ گورکھپور میں مٹھ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مسٹر موریہ نے کہا کہ اس معاملے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے، مجرم کو پکڑ لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ انکوائری کی بنیاد پر سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ گورکھپور میں اس طرح کا واقعہ پہلی بار ہوا ہے اور اسے سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔