منڈاویہ نے کووڈ کی تیاریوں کا جائزہ لیا، محتاط رہنے پر زور دیا

نئی دہلی، دسمبر۔مرکزی صحت و خاندانی فلاح و بہبود کے وزیر منسکھ منڈاویہ نے بدھ کو چین سمیت دنیا کے کئی ممالک میں کووڈ انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملوں اور چوکسی کے پیش نظر ہندوستان میں کورونا وبا کے پھیلنے سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محتاط رہنے اور نگرانی کرنے پر زور دیا۔مسٹر مانڈویہ کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں وزارت میں وزیر مملکت ڈاکٹر پروین بھارتی پوار، نیتی آیوگ کے رکن صحت وی کے پال، مرکزی صحت سکریٹری راجیش بھوشن، وزارت کے سینئر حکام، انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ، ہیلتھ اتھارٹی آف انڈیا اور دیگر ماہرین نے حصہ لیا۔جائزہ میٹنگ کے دوران مسٹر منڈاویہ نے چوکسی، احتیاط اور نگرانی پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اور بھیڑ والی جگہوں پر کووڈ کے اصولوں کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔کل دیر شام تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پرنسپل سکریٹریوں اور چیف سکریٹریوں کو لکھے گئے خط میں مسٹر بھوشن نے کہا ہے کہ ریاستوں کو کووڈ انفیکشن سے نمٹنے کے لیے پانچ جہتی حکمت عملی پر کام کرنا چاہیے۔ ریاستوں کو کووڈ انفیکشن کے تمام مشتبہ کیسوں کی تحقیقات کرنی چاہیے۔ ریاستوں کو کووڈ کے تمام معیارات کی تعمیل کو یقینی بنانا چاہیے۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ جاپان، کوریا، چین، امریکہ اور برازیل میں کووڈ انفیکشن کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ایسی صورتحال کے پیش نظر تمام ریاستوں کو چوکنا رہنا ضروری ہے۔ ان ممالک سے آنے والے کسی بھی مشتبہ کووڈ سے متاثرہ شخص کے نمونے جانچ کے لئے بھیجے جائیں۔

Related Articles