مدینہ میں ماحول دوست الیکٹرک بس سروس کا افتتاح

مدینہ ،اپریل۔مدینہ میں آج نئی الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا گیا جو عوامی نقل و حمل کے دوستانہ طریقوں سے مسجد نبوی کے زائرین اور رہائشیوں کو خدمات فراہم کرے گی۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مدینہ ریجن کے گورنر اور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین، شہزادہ فیصل بن سلمان نے الیکٹرک بس سروسز کا افتتاح کیا جو کہ ماحولیات کے جدید ماڈلز میں سے ایک ہے۔نئی الیکٹرک سروس، مدینہ بس سروس میں شامل کر کے مدینہ کے رہائشیوں اور زائرین کی آسانی کے لیے 4 اہم راستوں پر پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا منصوبہ ہے۔یہ سروس نیٹ ورک مسجد نبویؐ کے پاس سے گزرتے ہوئے شہر کے شمال کو جنوب کے ساتھ ساتھ شہر کے مشرق اور مغرب کو آپس میں منسلک کرے گا۔الیکٹرک بس اس کی اعلی آپریشنل کارکردگی کی وجہ سے نمایاں ہے۔ یہ ایک بار چارج کرنے کے بعد اپنے مخصوص ٹریک کے ذریعے 250 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔یہ بس سروس شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کو کم سے کم وقت میں مسجد نبویؐ سے ملائے گی جس کی کل لمبائی 38 کلومیٹر ہے۔یہ سروس روزانہ 18 گھنٹے کے دوران 16 سے زیادہ چکر لگائے گی۔الیکٹرک بس میں جدید ایئر کنڈیشنگ سسٹم، ٹرپ کی تفصیلات دکھانے والی ڈسپلے اسکرینز، اور خصوصی ضروریات والے لوگوں کی خدمت کے لیے مخصوص نشستیں شامل ہیں۔الیکٹرک بس کا اجراء قومی حکمت عملی برائے ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس کے تحت آتا ہے، جس کا مقصد نقل وحمل کی سرگرمیوں اور خدمات میں جدید طریقوں اور ٹیکنالوجیز کو اپنانا اور کاربن کے اخراج کو 25 فیصد تک کم کرنا ہے۔یہ حکمت عملی 2030 تک ملک میں عوامی نقل وحمل کے استعمال کو 15 فیصد تک بڑھانے اور ٹرانسپورٹ کے ماحول دوست طریقوں کے ذریعے مرکزی شہروں میں معیار زندگی کو بلند کرنے کے سلسلے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

Related Articles