مجھے میرے منہ پر کہا گیا کہ ’میں خوب رو نہیں ہوں، منوج باجپائی

ممبئی،اپریل۔بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار منوج باجپائی نے انکشاف کیا ہے کہ اکثر لوگوں نے انہیں ان کے منہ پر کہا کہ وہ خوب رو نہیں ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار منوج باجپائی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اکثر لوگ کہتے تھے کہ ’میں ہیرو کے معیار پر پورا نہیں اترتا‘۔انہوں نے بتایا کہ ایک دفعہ جب میں اسٹرگلنگ دور میں تھا، اْس وقت کی ایک مشہور ہیروئن نے تو میرے منہ پر کہا کہ ’میں اچھا نہیں دِکھتا‘۔اداکار منوج باجپائی نے بتایا کہ انہوں نے ان تمام تنقیدوں پر کبھی کان نہیں دھرے کیونکہ میں پہلے سے جانتا تھا کہ میں ہیرو کی طرح نہیں دکھتا، لیکن میں اْس وقت حیران رہ گیا جب ہدایت کار شیام بینیگل ( Benegal Shyam ) نے مجھے فلم زبیدہ میں بطور شہزادہ کاسٹ کیا۔انہوں نے بتایا کہ جب مجھے پتا چلا کہ وہ مجھے شہزادے کے کردار میں کاسٹ کرنا چاہتے ہیں، پہلے تو یقین نہیں آیا پھر میں شیام بینیگل کے پاس گیا اور پوچھا کہ انہیں اپنے فیصلے پر یقین تو ہے، وہ واقعی مجھے شہزادے کا کردار آفر کر رہے ہیں؟جس پر شیام بینیگل نے جواباً مجھ سے دریافت کیا کہ میں ایسا کیوں کہہ رہا ہوں، تو میں نے انہیں بتایا کہ میں شہزادے کے کردار میں فٹ نہیں ہوں گا، مجھے شہزادہ مت بناؤ، میں شہزادہ نہیں لگتا۔شیام بینیگل نے مجھ سے کہا کہ ’سینما کے پردے پر ہم جس کو ہیرو کے طور پر دکھا دیں، بس وہی ہیرو کی تعریف پر پورا اْتر جاتا ہے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ میں ہدایت کار شیام بینیگل کا بہت مشکور ہوں کہ انہوں نے میرے اعتماد کو بحال کرنے میں مدد کی اور مجھے شہزادے کے کردار میں کاسٹ کیا۔

Related Articles