مجھے اس ناقابل یقین سفر کا حصہ بنانے کے لیے آپ کا بہت بہت شکریہ: روی شاستری

نئی دہلی، نومبر۔ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر اپنے سات سال کے طویل دور کے خاتمے کے بعد روی شاستری نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ کیا ہے۔ روی نے اتوار کے روز ایک ٹویٹ میں وراٹ کوہلی، روہت شرما اور اجنکیا رہانے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا، ’مجھے اس ناقابل یقین سفر کا حصہ بنانے کے لیے آپ کا بہت بہت شکریہ۔ ایسی یادیں جنھیں میں سنبھال کر رکھوں گا اور ایک ٹیم جسے میں تب تک یاد رکھوں گا جب تک میں کھیل دیکھنے کے قابل ہوں‘۔ قابل ذکر ہے کہ روی شاستری نے 2014 میں ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ ان کی رہنمائی میں، ہندوستانی ٹیم نے ٹیسٹ فارمیٹ میں ٹاپ رینکنگ حاصل کی اور گابا میں تاریخی جیت کے ساتھ پہلی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں داخل ہوئی۔ ان کی کوچنگ میں ہندوستانی ٹیم نے 43 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں ٹیم کو 25 میں فتح اور 13 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی نگرانی میں کھیلے گئے 76 ون ڈے اور 65 ٹی 20 میں سے ہندوستان 51 ون ڈے اور 43 ٹی 20 میچ جیتنے میں کامیاب ہوا۔ افسوسناک ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے ساتھ شاستری کی مدت کار دور اچھے نوٹ پر ختم نہیں ہوا کیونکہ ہندوستانی ٹیم ٹی- 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔ شاستری کے بعد اب ہندوستان کے سابق کپتان اور تجربہ کار بلے باز راہل دراوڑ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز ان کی بطور ہیڈ کوچ پہلی اسائنمنٹ ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 17 نومبر سے ٹی 20 سیریز کھیلے گی۔ تین ٹی 20 میچوں کے بعد دو ٹیسٹ میچ ہوں گے۔

Related Articles