قومی جونیئر والی بال چیمپئن شپ میں ہریانہ نے 12 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کیا

سرسا، نومبر۔ 48 ویں قومی جونیئر والی بال چمپئن شپ کے فائنل میچ میں ہریانہ کی ٹیم نے راجستھان کو 3-0 سے شکست دے کر مقابلے کے گولڈ میڈل پر قبضہ کر لیا۔گزشتہ 14 سے 19 نومبر تک جموں و کشمیر میں منعقد ہونے والے اس مقابلے میں ہریانہ کی ٹیم کے کپتان لوی چودھری کی قیادت میں کھیلنے والی کھلاڑیوں نے شروع سے ہی اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور اسے آخر تک برقرار رکھا۔واضح رہے کہ ہریانہ جونیئر والی بال ٹیم نے اس سے قبل 2010 میں مقابلے میں طلائی تمغہ جیت کر آل ٹائم چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس طرح 12 سال کے طویل وقفے کے بعد ہریانہ والی بال کی جونیئر ٹیم نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیت کر ہریانہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔مذکورہ معلومات دیتے ہوئے والی بال فیڈریشن آف انڈیا کے جوائنٹ سکریٹری سبھا سنگھ نے بتایا کہ منعقدہ مقابلے کے دوران کھیلے گئے لیگ میچوں میں ہریانہ کی ٹیم نے مغربی بنگال، آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ اور کیرالہ کی ٹیموں کو شکست دے کر ناک آؤٹ راؤنڈ میں داخلہ حاصل کیا۔ مقابلے کے کوارٹر فائنل میچ میں ہریانہ کی ٹیم نے گجرات کو 3-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ سیمی فائنل میچ میں ہریانہ نے جموں و کشمیر کو 3-0 سے شکست دے کر مقابلے کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔ ہفتہ کو کھیلے گئے فائنل میچ میں بھی ہریانہ نے اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے راجستھان کو 3-0 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتنے کے ساتھ ساتھ فاتح بننے کا فخربھی حاصل کیا۔قومی جونیئر والی بال چمپئن شپ میں ہریانہ کی ٹیم کی اس شاندار کامیابی پر ہریانہ والی بال ایسوسی ایشن کے صدر کرن چوٹالہ نےہریانہ جونیئر والی بال ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کپتان لوی چودھری، ہریانہ والی بال ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری سوبے سنگھ، چیف کوچ راہل سانگوان، اسسٹنٹ کوچ سندیپ اور ٹیم منیجر مکیش کاسنیہ کو مبارکباد دی۔

Related Articles