فورڈ برطانیہ میں ہر پانچ ملازمتوں میں سے ایک کم کرے گی

لندن ،فروری۔ فورڈ برطانیہ میں ہر پانچ ملازمتوں میں سے ایک کم کرے گی۔ اس نے اگلے دو سال کے دوران برطانیہ میں 1300ملازمتیں کم کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے جو ملک میں مجموعی ورک فورس کا 20فیصد ہے۔ یہ ایک بڑے ری سٹرکچرنگ پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت کار میکر کمپنی یورپ بھر میں 3ہزار 800ملازمتیں کم کرے گی۔ فورڈ ڈیولپمنٹ اسٹاف میں کمی کر رہا ہے کیونکہ اسے غیر یقینی اقتصادی مستقبل کا سامنا ہے اور وہ الیکٹرک گاڑیوں کی تبدیلی کیلئے تیاری کر رہی ہے۔ برطانیہ میں زیادہ تر کٹوتیاں ایسکس میں ڈنٹن کے مقام پر ریسرچ سائٹ پر ہوں گی۔ ملک بھر میں سائٹس پر کئی سو بیک آفس پوسٹس کے بند ہونے کی توقع ہے تاہم ہیل وڈ، ڈیجنہم اور ڈونٹیری میں پروڈکشن سائٹس متاثر نہیں ہوں گی۔ یونائٹ یونین نے کہا ہے کہ وہ جس قدر ممکن ہو سکے ملازمتوں کے تحفظ کیلئے فورڈ کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ کٹوتیوں کا اعلان فورڈ کے بریجنڈ میں انجن پلانٹ کے بند کرنے کے دو سال سے بھی کم عرصے کے بعد کیا گیا ہے۔ فورڈ آف برٹین کے چیئرمین ٹم سیلٹر نے وضاحت کی ہے کہ ہمیں یورپ میں خاصی مشکل اقتصادی صورتحال کا سامنا ہے اور حالات غیر یقینی ہیں۔ زیادہ مہنگائی، سود کی بڑی شرحیں ، یوکرین میں جاری جنگ، توانائی کی قیمت اور بہت سارے مسائل کا سامنا ہے، تاہم انہوں نے اصرار کیا کہ یہ یہی واحد عنصر نہیں ہے فورڈ آف یورپ اپنے کاروبارکی بڑی تبدیلی کیلئے تیاری کر رہا ہے۔ 2030 تک توقع ہے کہ وہ جو کاریں بنائے گا وہ مکمل طور پر الیکٹرک ہوں گی،اس تاریخ تک تیار کی جانے والی تین کمرشل گاڑیوں میں سے دو یا تو الیکٹرک ہوں گی یا پلگ ان ہائی برڈز ہوں گی۔

Related Articles