شیزان جیل میں خودکشی کر سکتا ہے: اداکار کے وکیل نے سکیورٹی مانگ لی

ممبئی،جنوری۔گزشتہ دنوں خودکشی کرنے والی بھارتی اداکارہ تنیشا شرما کیس میں گرفتار اداکار شیزان خان کے وکیل نے اپنے مؤکل کے لیے جیل میں سکیورٹی اور ذہنی مسائل کی دیکھ بھال کرنے کے لیے کاؤنسلر کی درخواست دیدی۔شیزان خان کے وکیل شیلندر مشرا نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘اس وقت شیزان کی دماغی حالت کیا ہے یہ نا میں سمجھ سکتا ہوں نا آپ لوگ، کچھ روز قبل شیزان کے ساتھ جیل میں موجود ایک شخص نے خودکشی کی جس کا اثر شیزان پر بھی پڑا ہے’۔اداکار کے وکیل کا کہنا تھا کہ ‘اسی وجہ سے ہم نے شیزان کے لیے کاؤنسلر مانگا ہے، اس کے علاوہ سکیورٹی طلب کی ہے تاکہ اس پر نظر رکھی جاسکے اور اسے اکیلا نا چھوڑا جائے’۔شیلندر مشرا کے مطابق شیزان انتہائی قدم اٹھا سکتا ہے کیونکہ اس نے اپنی پوری زندگی میں نا جیل دیکھی نا عدالت، اس پر بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کی گئی۔واضح رہے کہ تنیشا نے 24 دسمبر کو ’علی بابا : داستان کابل‘ ڈرامے کے سیٹ پر خودکشی کر لی تھی۔ تنیشا اپنے ساتھی اداکار شیزان ایم خان کے میک اپ روم میں موجود تھیں اور وہ میک اپ روم کے واش روم میں مردہ پائی گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ تنیشا شرما نے خودکشی سے قبل ملزم شیزان خان سے گفتگو کی تھی، مزید تحقیقات کیلئے پولیس نے 30 دسمبر تک اداکار شیزان خان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔

Related Articles