شہزادہ محمد بن سلمان اور عراقی وزیراعظم کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

جدہ،جون۔عراق کے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کل ہفتے کی شام سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچے ہیں جہاں سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے السلام پیلس میں ان کا استقبال کیا۔سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ملاقات کے موقعے پردونوں رہ نماؤں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ تعاون کے شعبوں کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ علاقائی سلامتی اور استحکام کی حمایت پر زور دیا۔عراق کے وزیر اعظم کے دفتر نے اطلاع دی ہے کہ الکاظمی نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے ساتھ سات انہوں نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے موقعے پر سعوی عرب کے نیشنل گارڈز کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز، نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز، ، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ، وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ القصبی ، چیف آف جنرل انٹیلی جنس خالد بن علی الحمیدان اور عراق میں خادم حرمین شریفین کیسفیر عبدالعزیز الشمری نے شرکت کی۔عراق کی جانب سے وزیر وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے ساتھ آئے وفد میں وزیر خارجہ فواد حسین، نیشنل انٹیلی جنس ایجنسی کے انڈر سیکریٹری ماجد علی حسین، وزیراعظم کے خصوصی دفتر کے ڈائریکٹر احمد نجاتی اور وزیراعظم کے مشیر برائے پروٹوکول امور حسنین رشید الشیخ نے شرکت کی۔قابل ذکرہے کہ عراقی وزیر اعظم ہفتے کی شام جدہ پہنچے تھے جہاں شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں ان کا اور ان کے ساتھیوں کا شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ ہوائی اڈے پر سعودی ولی عہد کے ہمراہ وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ القصبی بھی موجود تھے۔

Related Articles