شاہین انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر
روٹرڈیم، اگست۔پاکستان کے نوجوان تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی چوٹ کی وجہ سے ایشیا کپ 2022 سے باہر ہو گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔تازہ ترین اسکینز اور رپورٹس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو پی سی بی کی میڈیکل کنسلٹیٹیو کمیٹی اور آزاد ماہرین نے 4 سے 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ شاہین اے سی سی ٹی۔ٹوئنٹی ایشیا کپ اور وہ انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیاکہ تاہم، شاہین کی نیوزی لینڈ میں اکتوبر میں منعقد ہونے والی ٹی۔ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز، اس کے بعد آسٹریلیا میں ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے لیے واپسی متوقع ہے۔ واضح رہے کہ شاہین سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران دائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد ان کا علاج جاری ہے۔ پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو نے کہا کہ میں نے شاہین سے بات کی ہے اور وہ اس خبر سے بہت پریشان ہیں لیکن وہ ایک بہادر نوجوان ہے جس نے اپنے ملک اور ٹیم کی خدمت کے لیے واپس آنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے روٹرڈیم میں اپنی بحالی کے دوران اچھی رکوری کی ہے، لیکن اب یہ واضح ہے کہ انہیں مزید وقت درکار ہوگا اور اکتوبر میں مسابقتی کرکٹ میں واپسی کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کا محکمہ کھیل اور ورزشی طب آنے والے ہفتوں میں شاہین کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ ان کی مسابقتی کرکٹ میں محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ پی سی بی نے کہا کہ شاہین اپنی بحالی مکمل کرتے ہوئے ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔ ایشیا کپ کے لیے شاہین کے متبادل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم پیر کو روٹرڈیم سے دبئی پہنچے گی۔