شاہد آفریدی نے کس بات پر آسٹریلوی کرکٹر اسمتھ کا شکریہ ادا کیا؟

کراچی،مارچ۔سابق کپتان شاہد آفریدی نے آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ سے اظہار تشکر کیا ہے۔ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے اسٹیو اسمتھ کا ایک ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ویڈیو پیغام میں آسٹریلوی کھلاڑی نے 24 سال بعد ہونے والے تاریخی دورے کے دوران پاکستان میں ملنے والی سکیورٹی پر بات کی تھی۔اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ ہم سوشل میڈیا سے واقف ہیں، آپ کو بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ان بدقسمت واقعات کا علم ہوا ہوگا لیکن پاکستان میں بہت سے لوگ ہمارے ساتھ ہمارے تحفظ کے لیے کام کررہے ہیں، ہمیں یہاں کی سکیورٹی پر بھروسہ ہے۔انہوں نے کہا ہم ناقابل یقین حد تک خود کو پاکستان میں محفوظ محسوس کررہے ہیں۔آفریدی نے آسٹریلوی کرکٹر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں خوش آمدید کہا۔شاہد آفریدی نے آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان معیاری مقابلے کی بھی توقع ظاہر کی۔خیال رہے کہ پاکستان کے دورے پر آئی آسٹریلوی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے اہلخانہ کو بھارت سے سنگین نتائج کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا تھا۔دوسری جانب اس سے قبل آسٹریلوی اسپنر ناتھن لیون نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ پاکستان میں خود کو محفوظ محسوس کر رہے ہیں اور امید ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

 

Related Articles