سہواگ نے روہت شرما کو بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی کا مضبوط امیدوار قرار دیدیا

ممبئی،نومبر۔سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے روہت شرما کو بھارتی ٹیم کے نئے کپتان کے لیے مضبوط امیدوار قرار دیا ہے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق وریندر سہواگ نے بھارتی ٹیم کے نئے کپتان کے لیے نہ صرف روہت شرما کو بہترین امیدوار قرار دیا بلکہ کپتانی کے لیے ان کی حمایت بھی کی۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق روہت شرما کے علاوہ کے ایل راہول اور ریشب پنت کو بھی بھارت کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کے لیے بہتر قرار دیا جارہا ہے تاہم ان امیدواروں میں روہت شرما ایک مضبوط امیدوار ہیں۔سہواگ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں بھارتی ٹیم کی کپتانی کے لیے کئی امیدوار ہیں مگر روہت شرما سب سے بہتر ہیں کیونکہ انہوں نے آئی پی ایل میں بطور کپتان اچھا کردار ادا کیا ہے۔سابق بلے باز نے کہا کہ روہت شرما پانچ مرتبہ آئی پی ایل چیمپئن شپ جیت چکے ہیں اس لیے انہیں ہی بھارتی ٹیم کا نیا کپتان ہونا چاہیے۔واضح رہیکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد بھارتی ٹیم کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی کپتانی چھوڑ دیں گے جب کہ بھارتی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ بھی روہت شرما کو کپتان بنانے کے خواہش مند ہیں۔

Related Articles