سوریہ کمار ٹی ٹوئنٹی کی بہترین ریٹنگ حاصل کرنے کے قریب

دبئی، فروری۔ہندوستان کے 360 ڈگری بلے باز سوریہ کمار یادو مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی بہترین ٹی 20 ریٹنگ پر پہنچ گئے ہیں اور ٹی 20 انٹرنیشنل کی آل ٹائم بیسٹ ریٹنگ حاصل کرنے کے قریب ہیں۔بدھ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق، سوریہ کمار ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے کیریئر کی بہترین 910 درجہ بندی حاصل کرلی ہے اور آل ٹائم بیسٹ ٹی20بلے باز انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان (915) کو شکست دینے سے صرف پانچ پوائنٹس کم ہیں۔ ملان نے 2020 میں کیپ ٹاؤن میں 915 پوائنٹس کی درجہ بندی حاصل کی تھی۔دریں اثنا، نیوزی لینڈ کے کئی کھلاڑیوں نے ٹی 20 سیریز میں قابل ستائش کارکردگی کے ساتھ اپنی درجہ بندی میں بہتری کی ہے۔ نیوزی لینڈ کے سلامی بلے باز آٹھ مقام کی چھلانگ لگاکر19 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ان کے ساتھی ڈیرل مچل 9 درجے بہتری کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں میں 29 واں مقام حاصل کرلیا۔نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی کا صلہ ملا ہے۔ سینٹنر ٹی 20 گیند بازوں کی فہرست میں دو درجے ترقی کر کے نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں وہ پانچ درجے کی چھلانگ لگا کر 23 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

Related Articles