سندیپ لامیچھانے عصمت دری کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا

جمائیکا، ستمبر۔نیپال کرکٹ ٹیم کے کپتان سندیپ لامیچھانے نے جمعہ کو کہا کہ ان کے خلاف عصمت دری کے الزامات بے بنیاد ہیں اور انہیں نیپال کے قانون پر پورا اعتماد ہے۔ لامیچھانے، جو اس وقت کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں کھیل رہے ہیں، نے ٹویٹ کیا کہ وہ ٹورنامنٹ سے وقفہ لینے کے بعد جلد ہی اپنے ملک واپس آجائیں گے۔ نیپال کے لیگ اسپنر نے ٹویٹ کیا، میں بے قصور ہوں اور نیپال کے قانون پر پورا بھروسہ رکھتا ہوں۔ میں نے سی پی ایل سے چھٹی لے کر چند دنوں میں اپنے ملک واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں ان تمام بے بنیاد الزامات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔ بے قصور کو انصاف ملے اور اس میں ملوث سبھی افراد کی صحیح جانچ ہو۔ امید ہے کہ قانون سبھی کے لئے یکساں طور پر کام کرے گا۔ لامیچھانے کا بیان آنے سے پہلے نیپال کرکٹ ایسوسی ایشن نے انہیں مبینہ عصمت دری کیس میں ملزم ہونے کی وجہ سے معطل کر دیا ۔قابل ذکر ہے کہ لامیچھانے کے خلاف کاٹھمنڈوکے ایک تھانے میں عصمت دری کا مقدمہ درج ہونے کی خبر جمعرات کو منظر عام پر آئی تھی۔ اس وقت لامچھانے ویسٹ انڈیز میں سی پی ایل کے لیے جمائیکا تلاواہ کی ٹیم کے ساتھ تھے۔ لامیچھانے اب تک جمائیکا کے تین میچوں میں سے کسی میں بھی شامل نہیں ہوئے ہیں، اور فرنچائزی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ فوری طور پر ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں گے۔ 22 سالہ لامیچھانے نیپال سے تعلق رکھنے والے واحد کھلاڑی ہیں جو انڈین پریمیئر لیگ، آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ، لنکا پریمیئر لیگ اور کیریبین پریمیئر لیگ سمیت دنیا بھر کی ٹی 20 لیگز میں کھیل چکے ہیں ۔

Related Articles