سلمان خان کا ’پٹھان‘ کی کامیابی کا کریڈٹ لینے سے انکار
ممبئی،مئی۔بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان نے فلم ’پٹھان‘ کی کامیابی کا کریڈٹ لینے سے انکار کردیا۔شاہ رخ خان کی فلم پٹھان جس کی کامیابی کے چرچے ہر جانب ہیں، حال ہی میں فلم کی مقبولیت کا کریڈٹ سلمان خان کو دیا جانے لگا ہے۔اس پر سلمان خان نے ردعمل دیا اور کہا کہ فلم پٹھان کی کامیاب کا کریڈٹ شاہ رخ خان سے کوئی بھی نہیں چھین سکتا ہے۔سدھارتھ آنند کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم پٹھان نے بھارت ہی نہیں دنیا بھر میں کمائی کے شاندار ریکارڈ قائم کیے ہیں۔سلمان خان نے فلم میں خصوصی کیمیو رول کیا، مشہور بھارتی صحافی رجت شرما نے شاہ رخ خان کی نئی فلم کی کامیابی کا کریڈٹ سلمان خان کو دینے کی کوشش کی تو بھائی جان نے اسے ایسا کرنے سے روک دیا۔انہوں نے صحافی کا سوال مکمل ہونے سے قبل ہی انہیں کہا کہ بالکل نہیں سر، یہ کریڈٹ شاہ رخ خان سے کوئی نہیں چھین سکتا ہے، آدتیہ چوپڑا سے کوئی نہیں چھین سکتا ہے۔سلمان خان نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ شاہ رخان نے فلم میں بہت ہی اچھا کام کیا ہے، یہ فلم انڈسٹری کی سب بڑی ہٹ فلم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سب فین شاہ رخ خان کی فلم دیکھنے کو ترس رہے تھے، جو بالکل رائٹ ٹائم اور درست موقع پر آئی۔سلمان خان اور شاہ رخ خان 2018ء میں فلم زیرو میں ایک ساتھ نظر آئے تھے، اب پٹھان میں ان کے فائٹنگ سین میں بطور ٹائیگر موجودگی کو مداحوں نے خوب سراہا اور اسے فلم کو ہائی لائٹ کرنے کا بڑا حصہ قرار دیا۔