سلمان خان نے حفاظتی انتظامات میں اضافہ کرلیا
ممبئی،اگست۔ بولی وڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے قاتلوں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کے بعد مزید حفاظتی انتظامات کرلیے۔میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اپنی لینڈ کروزر میں بلٹ پروف شیشے نصب کروا لیے اور گاڑی میں جدید اسلحہ رکھا ہے۔سلمان خان کی گاڑی کے بلٹ پروف شیشے عام گاڑیوں کے شیشوں کے مقابلے میں زیادہ موٹے ہیں۔ شیشوں کو اتارنے اور چڑھانے کے لیے گاڑی میں پاور ونڈو سوئچ لگوایا گیا ہے۔کچھ روز قبل سلمان خان نے جان سے مار دینے کی دھمکی ملنے کے بعد اپنے دفاع کے لیے اسلحہ لائسنس کے لیے درخواست دے دی تھی۔سلمان خان کو آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قاتل گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔ لارنس بشنوئی گلوکار کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ہیں۔