سعودی وزیر خارجہ کی سرکاری دورے پر عراق میں آمد

بغداد،فروری۔عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد الصحاف کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان جمعرات کے روز سرکاری دورے پر عراق پہنچے ہیں۔عراقی خبر رساں ایجنسی نے احمد الصحاف کے حوالے سے بتایا ’’کہ اپنے دورہ عراق میں سعودی عرب کے اعلیٰ ترین سفارت کار عراقی صدر عبداللطیف جمال رشید اور وزیر اعظم محمد شیاع السودانی، پارلیمنٹ کے سپیکر محمد الحلبوسی اور وزیر خارجہ فؤاد حسین سے ملاقاتیں کریں گے۔‘‘ادھر العربیہ/الحدث کے نامہ نگار نے بتایا ’’کہ وزیر خارجہ کی عراق آمد کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان اسٹرٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔‘‘عراقی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز بتایا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آج بروز جمعرات عراق کے دورے پر آئیں گے۔ اعلان میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزارت خارجہ کے دفتر میں شہزادہ فیصل بن فرحان اور عراقی وزیر خارجہ فؤاد حسین مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

Related Articles