سشانت سنگھ راجپوت خود کشی کیس، شیو سینا کے رہنما کا نام بھی لیا جانے لگا
ممبئی ،دسمبر۔ آنجہانی بالی ووڈ اداکارہ سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی سے متعلق کیس میں شیو سینا کے رہنماآدتیہ ٹھاکرے کا نام بھی آ گیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق آدتیہ ٹھاکرے شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے کے بیٹے ہیں اور باپ بیٹا دونوں مہاراشٹر اسمبلی کے ممبر ہیں۔ادھو ٹھاکرے 2019ء سے 2022ء تک مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ بھی رہے ہیں۔2022ء میں شیو سینا میں پھوٹ پڑ گئی اور پارٹی دو دھڑوں میں بٹ گئی، جس پر ادھو ٹھاکرے کو وزارت اعلیٰ سے ہاتھ دھونے پڑے۔ اب وہ پارٹی کے اپنے دھڑے کے صدر ہیں۔ شیو سینا کے مخالف دھڑے کی طرف سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ سشانت سنگھ کے خودکشی کیس کی تحقیقات کے دوران آدتیہ ٹھاکرے سشانت کی گرل فرینڈ ریحا چکرورتی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا۔مخالف دھڑے کے رکن اسمبلی راہول شیوالے نے اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سشانت کی موت کی تحقیقات کے دوران آدتیہ نے 44مرتبہ ریحا چکرورتی کو فون کالز کیں۔راہول شیوالے کی طرف سے الزام عائد کیا گیا کہ آدتیہ ٹھاکرے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں تحقیقات پر اثرانداز ہوتے رہے۔رپورٹ کے مطابق آدتیہ ٹھاکرے کی طرف سے مخالف دھڑے کے ان الزامات کی تردید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ’’میرے اور ریحا چکرورتی کے مابین جس طرح کا تعلق بتایا جا رہا ہے، ایسا کچھ نہیں ہے۔ یہ سب بے بنیاد باتیں ہیں اور میرا سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے کیس سے کسی طرح کا کوئی تعلق نہیں ہے۔