سرکاری کمپنیوں سے وابستہ افسران خود انحصار ہندوستان بنانے میں تعاون کریں: راجناتھ

نئی دہلی، جولائی ۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے دفاعی شعبے کی پبلک سیکٹر کمپنیوں کے غیر سرکاری ڈائریکٹروں کو وزارت دفاع اور کمپنوں کے درمیان اہم کڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خود انحصاری کے حصول کے لیے حکومت کی طرف سے دفاعی شعبے میں کیے جانے والے نئے اقدامات اور پہل پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں مدد کرنی چاہیے۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے بدھ کے روز یہاں دفاعی پیداوار کے محکمہ کی طرف سے منعقدہ ورکشاپ میں ڈیفنس پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز کے چیف منیجنگ ڈائریکٹر اور غیر سرکاری ڈائریکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک خود انحصاری کے سفر میں ایک عبوری دور سے گزر رہا ہے۔ خود کفیل ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کے لیے فعال اور اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ حکومت کی طرف سے کیے جانے والے مختلف اقدامات اور پہل کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ وزارت دفاع نے سال 2025 تک دفاعی پیداوار کو 1.75 لاکھ کروڑ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے اور اس میں 35 ہزار کروڑ روپے کی برآمدات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عوامی شعبے کے ادارے اس ہدف کو حاصل کرنے میں 70 سے 80 فیصد تعاون کریں گے۔ انہوں نے چیف منیجنگ ڈائریکٹرز اور غیر سرکاری ڈائریکٹرز سے اپیل کی کہ وہ مل کر کام کریں تاکہ یہ ادارے دنیا میں اپنا نیا مقام بنا سکیں۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ اور دفاعی سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

Related Articles