ساتھی اداکار سے تعلقات کی خبر پر اداکارہ مْنمن دتہ ناراض
’آج میں خود کو انڈیا کی بیٹی کہنے پر شرمندہ ہوں
ممبئی،۔ستمبر-انڈیا کی مشہور ٹی وی سیریل تارک مہتا کا اْلٹا چشمہ کی اداکارہ مْنمن دتہ نے اپنے خلاف جاری ٹرولنگ پر میڈیا اور شائقین پر سخت تنقید کی ہے۔انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ میں، مْنمن نے لکھا کہ ’وہ اپنے ناظرین سے ’بہت بہتر‘ کی امید رکھتی ہیں اور ’خود کو انڈیا کی بیٹی کہنے میں شرم محسوس کرتی ہیں۔‘’ببیتا جی‘ کا مشہور کردار ادا کرنے والے مْنمن دتہ اور ان کے ساتھی اداکار راج انادکٹ جنہوں نے ٹپو کا کردار ادا کیا تھا دونوں کے درمیان معاملہ مبینہ تعلق کی خبریں گذشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ایسی خبریں کئی میڈیا ویب سائٹس پر بھی شائع ہو چکی ہیں۔بہت سے لوگ اس کے بارے میں قابل اعتراض چیزیں اور میمز شیئر کر رہے ہیں اور منمن دتہ کو ٹرول کر رہے ہیں۔ان سے پریشان ہوکر مْنمن دتہ نے اتوار کو اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کی اور لکھا، ’عام لوگوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں نے آپ سے بہت بہتر کی توقع کی تھی۔ لوگوں نے یہ بھی دکھایا ہے کہ ہم ایک معاشرے میں کتنے پسماندہ ہو گئے ہیں۔‘
’آپ کا مذاق کسی کے لیے اعصاب شکن ہو سکتا ہے‘
منمن دتہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ،’ خواتین کو عمر، جسم، زچگی کے لیے شرمندہ کرنا، صرف آپ کے مذاق کے لیے۔ آپ کا مذاق کسی کو ذہنی طور پر توڑ دیتا ہے، آپ کو اس کی کوئی پرواہ نہیں۔ 13 سالوں سے میں لوگوں کے ساتھ ہوں۔ میرے وقار کو تباہ کرنے میں آپ کو 13 منٹ نہیں لگے۔ ‘انھوں نے مزید لکھا، ’اگر اگلی بار کوئی افسردگی کی وجہ سے اپنی جان لے لیتا ہے تو پھر رک جاؤ اور سوچو کہ کہیں وہ تمہارے الفاظ کی وجہ سے تو اس فیصلے تک نہیں پہنچا۔ آج میں خود کو انڈیا کی بیٹی کہنے میں شرمندہ ہوں۔‘ایک اور پوسٹ میں انھوں نے لکھا کہ میڈیا کو کسی نے یہ حق نہیں دیا ہے کہ وہ کسی کے نام پر یا کسی کی ذاتی زندگی کے بارے میں ’خیالی‘ اور ’خود ساختہ‘ خبریں شائع کرے۔‘راج انادکٹ ، جو ٹیپو کا کردار ادا کرتے ہیں انھوں نے اپنے انسٹاگرام پر اس معاملے پر ایک بیان بھی شائع کیا۔انھوں نے لکھا ، ’جو لوگ مسلسل میرے بارے میں لکھ رہے ہیں ، وہ اپنی من گھڑت کہانیوں کے برے اثرات کے بارے میں بھی سوچیں، جو میری اجازت کے بغیر میرے بارے میں لکھے جا رہے ہیں۔‘’میں تمام تخلیقی لوگوں سے کہوں گا کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو کہیں اور رکھیں ، جو آپ کی مدد کرے گی۔ خدا ان کی حفاظت کرے اور انہیں عقل دے۔‘منمن دتہ کی پوسٹ پر بہت سے لوگوں نے اس کی بات کی حمایت کی۔ٹاک شو کے میزبان نیندیپ رکشیت نے لکھا ، ’ٹھیک کہا۔ میڈیا اور لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔ میں بھی اس کا حصہ ہوں اور میں اسے اپنے اوپر لیتا ہوں۔ مجھے اپنے آپ کو صحافی کہنے میں شرم آتی ہے۔‘تاہم کئی لوگوں نے دتہ کو اس طرح کے سخت الفاظ استعمال کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔کچھ عرصہ پہلے ، منمن دتہ ایک اور تنازعے میں الجھی ہوئی تھیں جب انھوں نے مبینہ طور پر ایک ویڈیو میں ایک خاص کمیونٹی سے متعلق توہین آمیز لفظ استعمال کیا تھا۔اس معاملے میں ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی تھی۔ دتہ نے بعد میں ویڈیو اتار دی اور معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اس نے اپنی ’زبان کی کم فہمی‘ کی وجہ سے غلطی کی ہے۔