سابق شوہر سے لاکھوں ڈالر کا مقدمہ ہارنے والی امبر ہرڈ ایک اور قانونی مشکل میں پھنس گئیں، آسٹریلیا میں تحقیقات شروع

نیویارک،جولائی۔ ہالی ووڈ اداکارہ امبرہرڈ کی قانونی مشکلات کسی طور کم ہونے میں نہیں آ رہیں۔ اپنے سابق شوہر جانی ڈیپ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ ہارنے اور لاکھوں ڈالر جرمانہ کروانے کے بعد اب ان کے خلاف آسٹریلیا میں جھوٹا بیان حلفی دینے کے الزام میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔میل آن لائن کے مطابق امبرہرڈ نے یہ بیان حلفی 2015ء میں ایک کتے کی سمگلنگ کے کیس میں دی تھی۔رپورٹ کے مطابق امبرہرڈ اپنے سابق شوہر جانی ڈیپ کے ساتھ ہی 2015ء میں آسٹریلوی ریاست کوئنزلینڈ گئی تھیں۔ وہ اپنے ساتھ اپنے کتوں پسٹل اور بو کو بھی لے گئی تھیں۔ چنانچہ ان کے خلاف کتے غیرقانونی طور پر درآمد کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔اس مقدمے میں سزا سے بچنے کے لیے 36سالہ امبر ہرڈ نے مبینہ طور پر نہ صرف جھوٹا بیان حلفی عدالت میں داخل کرایا بلکہ اپنی سفری دستاویزات میں بھی خردبرد کی۔ اب اداکارہ کے خلاف ایک بار پھر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ممکنہ طور پر ان کے خلاف آسٹریلیامیں ایک بار پھر مقدمے کی کارروائی شروع ہو سکتی ہے۔

 

Related Articles