زخمی روتوراج کی جگہ مینک ہندوستانی ٹی-20 ٹیم میں شامل

ممبئی، فروری ۔ کلائی کی چوٹ کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ سے باہر ہونے والے ہندوستانی سلامی بلے باز روتوراج گائیکواڑ سیریز کے بقیہ دو میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ہفتے کے روز اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مینک اگروال کو بقیہ دوٹی20 میچوں کے لئے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔روتوراج نے جمعرات کو لکھنئو میں پہلے ٹی-20 سے قبل اپنی داہنی کلائی کے جوڑ میں درد کی شکایت کی تھی اور بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے ان کی چوٹ کی جانچ کی تھی۔ ہندوستانی ٹیم کے ایک ترجمان نے اس بارے میں کہا، ایم آر آئی اسکین کے بعد ماہر سے مشورہ کیا گیا۔ روتوراج اب اپنی چوٹ کے مزید علاج کے لیے بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی جائیں گے۔بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق 31 سالہ مینک کو فوری طور پر دھرم شالہ پہنچنا پڑا، کیونکہ وہ شارٹ نوٹس پر ٹیم میں شامل ہونے کے لیے دستیاب ہوئے۔ سری لنکا کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیسٹ کھلاڑی اس وقت چنڈی گڑھ میں قرنطینہ میں ہیں اور اگروال ان میں سے ایک ہیں۔ ایک ذرائع نے کرک بز کو بتایا، مینک کو دھرم شالہ بھیجنا مشکل نہیں تھا، کیونکہ یہ آسانی سے ببل ٹو ببل ٹرانسفر ہوسکتے تھے۔ وہ چنڈی گڑھ میں تھے اور انہیں فوراً یہاں سے روانہ کر دیا گیا۔سری لنکا کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے ہندوستانی ٹیم: روہت شرما (کپتان)، شریئس ائیر، سنجو سیمسن، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، وینکٹیش ائیر، دیپک ہڈا، رویندر جڈیجہ، یزویندر چہل، روی بشنوئی، کلدیپ یادو، محمد سراج، بھونیشور کمار، ہرشل پٹیل، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، اویش خان، مینک اگروال۔قابل ذکر ہے کہ سوریہ کمار یادو اور دیپک چاہرکے بعد، روتوراج موجودہ سیریز میں ٹیم سے باہر ہونے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ سوریہ کمار اور دیپک دونوں کو کولکاتہ کے ایڈن گارڈن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے آخری ٹی-20 میچ کے دوران چوٹ لگی تھی اور شروعات میں منتخب ہونے کے بعد وہ چوٹوں کی وجہ سے ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے۔ تاہم سلیکٹروں نے ان کی جگہ پر متبادل کھلاڑیوں کو منتخب نہیں کیا، کیونکہ پلیئنگ الیون منتخب کرنے کے لئے 16 دیگرکھلاڑیوں موجودتھے، روتوراج کے زخمی ہونے کے بعد سلیکٹر اورٹیم انتظامیہ کوئی رسک نہیں لیناچاہتے تھے، اس لئے مینک کو متبادل کے طورپر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔اس دوران یہ معلومات بھی سامنے آئی ہے کہ روی چندرن اشون، جنہیں ان کی فٹنس کے تعلق سے ایک وارننگ کے ساتھ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے، وہ ٹھیک ہونے کے قریب ہیں اوران کے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لئے مکمل طورپر ٹھیک ہونے کی امید ہے، جو 3 مارچ سے موہالی میں شروع ہو گا۔ سلیکٹرز نے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لئے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہاتھا اشون کا انتخاب فٹنس کلیئرنس کے تابع ہے۔

Related Articles