ریڑھ کی ہڈی کی وجہ سے ڈاکٹرز نے بچپن میں ڈانس سے منع کر دیا تھا، ریتھیک

ممبئی،دسمبر۔بالی ووڈ کے مائیکل جیکسن کہلانے والے اداکار ریتھیک روشن نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بچپن میں ڈاکٹرز نے ریڑھ کی ہڈی میں مسئلے کی وجہ سے ڈانس اور اداکاری کرنے سے منع کر دیا تھا۔ریتھیک روشن نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے بچپن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے اسکول کا زمانہ بہت تکلیف دہ تھا انہیں اسکول میں بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا، وہ بیحد کم گو اور شرمیلے تھے ان کے دوست بھی نہیں تھے اور وہ اسکول سے آکر رویا کرتے تھے۔اداکار نے انکشاف کیا کہ ڈاکٹرز نے بتایا کہ وہ ریڑھ کی ہڈی کے مسائل کے سبب ڈانس بھی نہیں کرسکتے، جبکہ انہیں یہ کہہ دیا گیا تھا کہ وہ اسی سبب اداکار بھی نہیں بن سکتے جس کی وجہ سے وہ مزید صدمے کا شکار ہوگئے تھے۔تاہم ریتھیک نے ہار نہ ماننے کا مضبوط ارادہ کرتے ہوئے ہر مشکل پر قابو پایا اپنی ذہنی اور جسمانی صحت کیلئے خوب محنت کی اور صحتیاب ہوکر ڈانس اور اداکاری کا بھی آغاز کیا۔یاد رہے کہ ریتھیک نے اپنے بچپن میں کئی فلموں میں بچوں کا کردار ادا کیا جبکہ جوانی میں انہوں نے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز 2000ء کی فلم ’کہو نہ پیار ہے‘ سے کیا جو بلاک بسٹر فلم ثابت ہوئی اور ریتھیک کی پہچان بن گئی۔

 

 

Related Articles