روہت کو ڈبلیو ٹی سی سے پہلے ‘بریک لینا چاہئے: گواسکر

ممبئی، اپریل ۔ سابق ہندوستانی کرکٹر سنیل گواسکر کا ماننا ہے کہ ممبئی انڈینس اور ہندوستانی کپتان روہت شرما کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے کچھ وقت کے لیے وقفہ لے کر فائنل لیگ میچوں اور اس کے بعد ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کے لیے تروتازہ ہوکر شرکت کرنی چاہیے۔گواسکر نے منگل کو گجرات ٹائٹنز کے ہاتھوں ممبئی کی 55 رنز کی شکست کے بعد اسٹار اسپورٹس پر کہاکہ ’’میں (ممبئی انڈینز) کے بیٹنگ آرڈر میں کچھ تبدیلیاں دیکھنا چاہتا ہوں۔‘‘ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (فائنل) کے لیے خود کو فٹ رکھنا چاہئے۔ وہ آخری چند میچوں کے لیے دوبارہ واپس آنا چاہیے لیکن فی الحال اسے آرام کی ضرورت ہے۔روہت گجرات کے خلاف آٹھ گیندوں میں صرف دو رن بنا سکے۔ روہت کا بلے باز کے طور پر ملا جلا سیزن رہا ہے جہاں وہ 135 کے اسٹرائیک ریٹ سے صرف 181 رنز ہی بنا پائے ہیں۔ ممبئی سات میچوں میں صرف چار پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں ساتویں نمبر پر ہے۔ گواسکر کا کہنا ہے کہ ممبئی کے لیے پلے آف میں پہنچنا تقریباً ناممکن ہے، اس لیے روہت کو وقفہ لینا چاہیے۔گواسکر نے کہاکہ ممبئی کو پلے آف میں پہنچنے کے لیے ایک معجزہ درکار ہوگا۔ وہ لیگ مرحلے کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں چوتھی پوزیشن پر پہنچ سکتے ہیں، لیکن اس کے لیے انہیں گیند اور بلے سے بہت اچھا کھیلنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ تھوڑا پریشان لگ رہا ہے۔ شاید وہ ڈبلیو ٹی سی (فائنل) کے بارے میں سوچ رہا ہے، مجھے نہیں معلوم۔ مجھے یقین ہے کہ اس مرحلے پر اسے وقفے کی ضرورت ہے۔ آئی پی ایل کا اختتام 28 مئی کو ہوگا جبکہ ڈبلیو ٹی سی کا فائنل 7 جون کو لندن کے اوول گراؤنڈ میں شروع ہوگا جہاں ہندوستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔اس سال اب تک روہت نے سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف لگاتار چھ ون ڈے کھیلنے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف چار ٹیسٹ کھیلے ہیں۔ فیملی ضرورتوں کی وجہ سے وہ آسٹریلیا کے خلاف پہلا ون ڈے نہیں کھیل سکے تھے لیکن دوسرے اور تیسرے ون ڈے میں ہندوستان کی کپتانی کے بعد سے مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ممبئی کا اگلا میچ اتوار کو راجستھان رائلز کے خلاف ہے۔

Related Articles