رمیز کا راج کرکٹ بورڈ میں برقرار

 حکومت سے اشارہ مل گیا، منصوبے مکمل کرنے کیلئے پرعزم

کراچی ،مئی۔ وفاقی حکومت کی تبدیلی کے باوجود ایک جانب چیئرمین رمیز راجا کو کام جاری رکھنے کا اشارہ مل گیا اس طرح بورڈ میں رمیز کا راج برقرار ہے لیکن دوسری جانب اسلام آباد میں نئے اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ کچھ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ2025کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے وفاقی دارالحکومت میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنانا چاہتا ہے۔ رمیز راجا نے اس بارے میں سابق وزیر اعظم عمران خان سے منظوری حاصل کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عام طور پر حکومت کی تبدیلی سے پی سی بی چیئرمین کو بھی گھر جانا پڑتا ہے لیکن پی سی بی کے سرپرست اعلی شہباز شریف کی حکومت فوری طور پر رمیز راجا کو تبدیل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ چند دن پہلے رمیز راجا نے اپنے افسران سے ملاقات میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں کام جاری رکھنے کا کہا گیا ہے۔ رمیز راجا جو عمران خان کے قریب تصور کئے جاتے تھے اور تحریک عدم اعتماد کے دنوں میں انہوں نے میڈیا کو کہا تھا کہ حکومت تبدیل ہوئی تو میں گھر جانے میں دو منٹ بھی نہیں لگائوں گا۔ لیکن انہوں نے از خود استعفی نہیں دیا اور پانچ ہفتے بعد بھی وہ کام کررہے ہیں اور اپنے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیز راجا کو پی سی بی میں کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب پی سی بی نے اسٹیڈیم کے لئے زمین کی الاٹمنٹ کے لئے سی ڈی اے کو خط تحریر کیا ہے۔ لیکن حکومت کی تبدیلی کی وجہ سے اسٹیڈیم کے لئے زمین کی الاٹمنٹ کے منصوبے پر پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔ نئے اسٹیڈیم کی تعمیر کے لئے ڈیڑھ سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے اور موجودہ صورتحال میں یہ کام مزید تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔ پی سی بی لاہور، کراچی اور ملتان میں 70 ،70کمرے تعمیر کرنا چاہتا ہے تاکہ انٹر نیشنل میچوں کے لئے ٹیموں کو ہوٹل کے بجائے اسٹیڈیم کے متصل فائیو اسٹار سہولتوں والے کمروں میں ٹھہرایا جائے۔ تینوں شہروں میں کمرے پی سی بی کی زمین پر تعمیر ہوں گے۔ اس وقت پی سی بی نئے سال کابجٹ تیار کررہاہے۔ بجٹ کی منظوری کے بعد توقع ہے کہ اس سلسلے میں ٹینڈر کا پراسس شروع ہوگا اور سال کے آخر میں کمروں کی تعمیر شروع ہوگی۔ پی سی بی یہ کمرے اسٹیل کے مٹیریل سے چینی انداز میں تعمیر کرنا چاہتا ہے اس لئے اس کی تعمیر میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اہم منصوبے کو ذہن میں رکھتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کیاراکین جاوید قریشی اورعارف سعید پر مشتمل انفرا اسٹرکچر کمیٹی بنائی ہے جو گرائونڈز کا دورہ کرکے پی سی بی کو سفارش کرے گی کہ کس گرائونڈ میں کیا بہتری لائی جاسکتی ہے۔ پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کی تعمیر بھی مکمل نہیں ہوسکی ہے اس لئے پشاور میں آئندہ سال بھی پی ایس ایل میچ نہیں ہوں گے۔چوں کہ غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہوگئی ہیں اس لئے پی سی بی چاہتا ہے کہ تمام سینٹرز میں جدید معیار کی سہولتیں موجود ہوں۔

 

Related Articles