رجنی کانت اسپتال سے ڈسچارج

چنئی ۔ نومبر۔ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازے جانے والے معروف اداکار رجنی کانت کو کل رات کاویری اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ وہ گزشتہ چار دنوں سے یہاں داخل تھے۔اپنے ایک آڈیو پیغام میں انہوں نے ان تمام لوگوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا، ’’مجھے اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے اور میں بالکل ٹھیک ہوں۔‘‘ وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کل اسپتال میں ان سے ملاقات کی اور ڈاکٹروں اور ان کے اہل خانہ سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ 28 اکتوبر کی رات انہیں چکر آنے کی شکایت کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسپتال کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق 29 اکتوبر کو ان کی کیروٹڈ آرٹری ریواسکولرائزیشن سرجری کا عمل پورا کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کے ایک پینل نے ان کا پہلے معائنہ کیا اور پھرانہیں اس عمل سے گزرنے کا مشورہ دیاتھا۔ان کی صحت میں بہتری دیکھ کر انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔ان کی اگلی فلم انّاتتھے ریلیز کا انتظار کر رہی ہے۔ سن پکچرز کی پروڈیوس کردہ یہ فلم دیوالی پر سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

 

Related Articles